پاکستان فوج میں میجر سے لیفٹیننٹ کرنل بننے والے دو ہندو افسران کون ہیں؟

پاکستان فوج میں میجر کے عہدے پر فرائض انجام دینے والے دو ہندو افسران کو لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

5

ڈاکٹر جیوراج میگھواڑ (بائیں) اور راجا نند (دائیں) (تصویر گیان چند/ٹوئٹر)

پاکستان فوج میں میجر کے عہدے پر فرائض انجام دینے والے دو ہندو افسران ڈاکٹر جیوراج میگھواڑ اور راجا نند کو لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

2021 میں میجر ڈاکٹر کیلاش میگھواڑ المعروف کیلاش گرویدہ لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی پانے والے پاکستان فوج کے پہلے ہندو افسر تھے۔

ان کے بعد اب ڈاکٹر جیوراج میگھواڑ اور راجا نند اس عہدے پر پہنچے ہیں۔

ڈاکٹر جیوراج میگھواڑ کا تعلق تھرپارکر ضلعے کی تحصیل ڈیپلو کے گاؤں ویرہاڑ سے ہے۔ وہ 2008 میں پاکستان فوج میں شامل ہوئے۔ اس وقت وہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

وہ بطور حیدرآباد، منگلا، قطر اور اقوام متحدہ کے افریقہ مشن میں بھی کام کرچکے ہیں۔

راجا نند کا تعلق میرپورخاص ضلعے کے گاؤں میر جی لانڈھی سے ہے۔ 2009 میں پاکستان فوج میں شامل ہونے کے بعد وہ اس وقت پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

2014 میں دانش دھنانی میگھواڑ پہلے پاکستانی ہندو افسر تھے جنہیں میجر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ دانش دھنانی میگھواڑ اصل میں تھرپارکر کے گاؤں مٹھریو کے رہائشی اور بعد میں میرپور خاص منتقل ہو گئے تھے۔

کچھ عرصے بعد سندھ کے شہر ٹنڈوباگو سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر انیل کمار کی تقرری بطور میجر ہوئی۔

عام تاثر ہے کہ پاکستان فوج میں ہندو افسران نہیں ہے۔ مگر یہ درست نہیں۔ 2000 سے پہلے پاکستان فوج میں بڑے عہدے پر ہندو افسر نہیں آتے تھے مگر پرویز مشرف نے ایک حکم نامے کے تحت فوج میں ہندوؤں کی بڑے عہدوں پر تقرری کے احکامات دیے جس کے بعد پاکستان فوج میں بڑے عہدوں پر ہندو افسران کی تقرری کا آغاز کیا گیا۔

دانش دھنانی میگھواڑ اور ڈاکٹر انیل کے بعد ڈاکٹر کیلاش میگھواڑ المعروف کیلاش گرویدہ، ڈاکٹر جیوراج میگھواڑ، راجا نند اور سلام کوٹ شہر کے رہائشی ڈاکٹر رمیش سوٹھار کو بھی میجر کے طور پر مقرر کیا گیا۔

2019 تک پاکستان فوج میں میجر کے عہدے پر چھ ہندو مقرر ہو چکے تھے۔ ان سب کا تعلق سندھ کے میرپور خاص ڈویژن کے مختلف اضلاع سے ہے اور چھ ہی افسر میجر ڈاکٹر کے طور پر مقرر ہوئے ہیں۔

نوٹ: 8 اگست 2019 کو شائع ہونے والی اس خبر کو 29 فروری، 2024 میں نئے معلومات کے ساتھ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل