شرمین عبید چنائے سٹار وارز کی نئی فلم کی ہدایت کار

آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے وہ پہلی خاتون ہوں گی، جو سٹار وارز سیریز کی کسی فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیں گی۔

فلم ساز اور ہدایت کار شرمین عبید چنائے آٹھ جون، 2022 کو نیویارک شہر میں ایک تقریب میں شریک ہیں(اے ایف پی)

امریکی فلم سٹوڈیو کے عہدے داروں نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ سٹار وارز کی تین نئی فلمیں تیاری کے مراحل میں ہیں، جن میں سے ایک کی ہدایت کار پاکستان سے تعلق رکھنے والی آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے ہوں گی۔

شرمین وہ پہلی خاتون ہوں گی، جو سٹار وارز سیریز کی کسی فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیں گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلم ساز شرمین عبید چنائے برطانوی اداکارہ ڈیزی رڈلی کو ہدایات دیں گی، جو آخری تین فلموں کی ہیروئین رے کے کردار میں واپس آئیں گی۔ اس فلم سیریز کے بارے میں 2019 میں ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا گیا تھا۔

نئی فلم میں رے انتہائی تربیت یافتہ افراد پر مشتمل ’جیڈی آرڈر‘ کو بحال کرتی نظر آئیں گی۔

شرمین عبید چنائے خواتین پر تشدد کے خلاف دستاویزی فلمیں بنانے پر دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سٹارز وارز یونیورس میں ’ہیرو کے سفر کی طرف متوجہ ہوئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ ان حقیقی ہیروز سے ملنے میں گزارا جو جابرانہ حکومتوں پر غلبہ پانے میں مصروف  رہے ہیں اور ناممکن مشکلات سے لڑ رہے ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ سٹار وارز کا مرکزی نکتہ ہے۔‘

شرمین عبید چنائے نے گذشتہ برس مس مارول سیریز کی ہدایت کاری کی تھی، جس میں ایک مسلمان کو سپر ہیرو دکھایا گیا ہے۔

لوکس فلم، وہ سٹوڈیو جسے ڈزنی نے 2012 میں خرید لیا تھا، کی صدر کیتھلین کینیڈی نے کہا کہ تینوں فلموں میں سے ہر فلم سٹار وارز کے بیانیے میں مختلف ادوار کا احاطہ کرے گی اور ہر فلم  کا الگ ڈائریکٹر ہوگا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جیمز مینگولڈ، جو دو بار آسکرایوارڈ کے لیے نامزد ہو چکے ہیں، ایک اور فلم کی ہدایت کاری کریں گے۔ ماضی میں انہوں نے انڈیانا جونز سیریز کی ہدایت کاری کی۔ ان کی نئی فلم اس سال کے آخر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ ان کی فلم اصل کہانی سے ہزاروں سال پہلے جیڈی آرڈر کے ماحذ کے بارے میں ہوگی۔

تیسری فلم کی ہدایت کاری ڈیو فلونی کریں گے جن کا سٹار وارز یونیورس کے ساتھ پرانا تعلق ہے۔ انہوں نے کئی ٹیلی ویژن سیریز تیار کیں، جن میں انتہائی کامیاب ’دا منڈالوریئن‘ بھی شامل ہے، جس کا تیسرا سیزن چل رہا ہے۔

شائقین امریکی اداکارہ روزاریو ڈاسن کو اشوکا کے کردار میں دیکھ چکے ہیں، جو جیڈی کہلانے والے خصوصی گروپ کی طرح لڑتی ہیں۔ وہ پہلے پہل اینیمیٹڈ سیریز کا حصہ تھیں، لیکن یہ کردار سٹار وارز کے مداحوں میں ایسا ہٹ رہا کہ وہ اگست میں دکھائی جانے والے حقیقی زندگی پر مبنی ٹیلی ویژن سیریز کا حصہ بنیں گی۔

تاہم مداحوں کو تین فلموں کی سیریز میں سے پہلی فلم کے ریلیز ہونے کے لیے 2025 تک انتظار کرنا ہو گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم