صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے جنرل صدر الشیخ عبدالرحمٰن السدیس نے خانہ کعبہ کے باب شاہ عبدالعزیز پر دو ہلالوں کی تنصیب کی توثیق کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایجنسی برائے پروجیکٹس اور انجینئرنگ سٹڈیز کی نمائندگی کرنے والی صدارت نے شراکت داروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے اور وزارت خزانہ میں موجود مکہ مکرمہ پراجیکٹس کے لیے تعمیراتی انتظام کے دفتر کی نگرانی کے باعث یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔
ایجنسی کے انڈر سیکریٹری انجینیئر محمد بن سلیمان الوکدانی نے بتایا کہ باب شاہ عبدالعزیز کے میناروں کے دو چاند مکمل ہو چکے ہیں، جن کا شمار اسلامی طرز تعمیر کے سب سے نمایاں منصوبوں میں ہوتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے اس کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں میناروں کے اوپر نصب کیے گئے ہیں اور دونوں میناروں کی لمبائی 130 میٹر سے زیادہ ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دونوں چاند کاربن فائبر سے بنے ہیں جنہیں انتہائی پائیدار اور مضبوط سمجھا جاتا ہے، ان پر سنہری شیشے کا کام کیا گیا ہے اوران کا اندرونی حصہ لوہے سے بنا ہے۔
محمد بن سلیمان الوکدانی کا مزید کہنا تھا کہ میناروں کی تنصیب عظیم الشان خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے امور کے جنرل صدر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن عبدالعزیز السدیس کی خصوصی ہدایت کے مطابق عمل میں آئی ہے۔
مسجدالحرام کے شاہ عبدالعزیز گیٹ کا افتتاح گذشتہ برس اپریل میں ادارہ امور حرمین کے سربراہ ڈاکٹر عبدالعرحمن السدیس نے کیا تھا، جس کا مقصدعمرہ زائرین اور مسجد الحرام آنے والوں کوبہتر سہولیات فراہم کرنا تھا کیوں کہ گذشتہ برسوں کے دوران مسجد الحرام آنے والے زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔