بھارت کا چاند مسخر کرنے کا خواب ٹوٹ گیا؟

چاند گاڑی وکرم کا لینڈنگ کے دوران زمین سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا اور بھارتی سائنس دانوں کو خدشہ ہے کہ چاند گاڑی گم ہو گئی۔

اگر بھارت اپنے مشن میں کامیاب ہو جاتا تو وہ چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا پہلا ملک بن جاتا (اے پی)

بھارت کا چاند مسخر کرنے کا خواب بظاہر اُس وقت ٹوٹ گیا جب اس کی چاند گاڑی ’وکرم‘ لینڈنگ کے دوران اچانک گم ہو گئی۔

بھارتی خلائی جہاز چندرائن 2 کی چاند گاڑی کا جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات تقریباً ڈیڑھ بجے لینڈنگ کے وقت زمین سے رابطہ منقطع ہوا اور بھارتی انجینیئرز کو خدشہ ہے کہ وکرم گم ہو چکا ہے۔

یہ مشن بھارت کے بڑے خلائی منصوبوں کا حصہ تھا، جس کا مقصد اب تک گم نام سمجھے جانے والے چاند کے جنوبی قطب کی تحقیق تھی۔

خیال کیا جاتا ہے کہ چاند کا جنوبی قطب سورج کی گرم شعاؤں سے براہ راست متاثر نہیں ہوتا لہذا اس حصے میں پانی موجود ہونے کے امکانات ہیں۔ اگر بھارت اپنے مشن میں کامیاب ہو جاتا تو وہ چاند کے اس حصے پر پہنچنے والا پہلا ملک بن جاتا۔

انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) کے چیئرمین کے سیون نے بنگلورو میں ایجنسی کے ٹریکنگ سینٹر میں موجود مایوس سائنس دانوں کو بتایا ہفتے کو چاند پر اترنے کی کوشش کے دوران ہمارا چاند گاڑی سے رابطہ منقطع گیا ہے اور ہم اس حوالے سے ڈیٹا کا تجزیہ کر رہے ہیں۔

آئی ایس آر او کے ایک عہدے دار نے بتایا چاند کے مدار میں چکر لگانے کے بعد وکرم منصوبے کے عین مطابق اور نارمل پرفام کرتے ہوئے اتر رہی تھی کہ چاند کی سطح سے محض 2.1 کلومیٹر دور اس کا زمین سے رابطہ منقطع ہو گیا‘۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتیوں کی ڈیزائن کردہ چاند گاڑی ’وکرم‘ کا نام بھارت کے خلائی پروگرام کے بانی وکرم سرا بھائی کے اعزاز میں رکھا گیا تھا۔

آئی ایس آر او کی براہ راست نشریات میں دیکھا گیا کہ سائنس دان کتنے پریشان ہیں اور ماہرین سے بھرے کنٹرول روم میں سگنلز کی بحالی کی کوششوں کے دوران مکمل سکوت طاری ہے۔

کنٹرول روم میں موجود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سیون سے بریفنگ حاصل کرنے کے بعد وہاں موجود سائنس دانوں سے گفتگو میں کہا ’زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں۔۔ آپ نے اب تک جو حاصل کیا ہے وہ کوئی معمولی کامیابی نہیں‘۔

اس سے قبل سیون نےچاند کی کشش ثقل، مٹی اور ناہموار سطح جیسی پیچیدگیوں کی وجہ سے لینڈنگ کے آخری لمحات کو ’ 15 منٹ کی دہشت‘ سے تعبیر کیا تھا۔

اب تک صرف امریکہ، روس، چین چاند پر اتر سکے ہیں۔بیجنگ کا ’چانگ ای فور‘ رواں سال چاند پر اترا۔ اسرائیل کا اپریل میں چاند پر بھیجے جانے والا بھری شیٹ خلائی جہاز لینڈ کرنے میں ناکام رہا تھا۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی