81 سالہ بوڑھے کے روپ میں امریکہ جانے والا نوجوان

نئی دہلی ایئرپورٹ پر پکڑے جانے والے جیش پٹیل جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش میں تھے۔

32 سالہ جیش پٹیل جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش میں تھے، جس پر امریک سنگھ کا نام درج تھا جبکہ تاریخ پیدائش یکم فروری 1938 لکھی ہوئی تھی (تصویر: ٹوئٹر/سی آئی ایس ایف)

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر ایک ایسے 32 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا جو 81 سالہ بوڑھے کا روپ دھار کر نیو یارک جانے کی کوشش کر رہا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق جیش پٹیل جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش میں تھے، جس پر امریک سنگھ کا نام درج تھا جبکہ تاریخ پیدائش یکم فروری 1938 لکھی ہوئی تھی۔

بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے بیان میں بتایا گیا کہ جیش پٹیل نے اپنی اصلی شناخت چھپانے کے لیے حلیہ تبدیل کیا۔ انہوں نے داڑھی کو سفید رنگ کیا، وہیل چیئر استعمال کی، عینک لگائی اور سر پر پگڑی پہن لی۔

سیکیورٹی افسران کو اُس وقت شک ہوا، جب جیش پٹیل نے اس بات پر تلاشی دینے سے انکار کردیا کہ وہ بوڑھے آدمی ہیں اور کھڑے نہیں ہو سکتے۔

سی آئی ایس ایف کے انسپکٹر رجویر سنگھ نے کہا کہ جیش پٹیل نے تمام وقت آنکھ ملانے سے گریز کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا: ’مسافر کی وضع قطع اور جلد کی رنگت پاسپورٹ میں درج عمر کے مقابلے میں کسی جوان آدمی کی دکھائی دیتی تھی۔‘

پٹیل کو مزید پوچھ گچھ کے لیے لے جایا گیا جہاں سیکیورٹی افسروں نے دیکھا کہ انہوں نے اپنے بالوں کو رنگ کر رکھا تھا اور کسی نسخے کے بغیر چشمہ لگایا ہوا تھا۔

پوچھ گچھ کے دوران پٹیل نے اپنے اصلی نام کا اعتراف کیا اور بتایا کہ وہ گجرات کے شہر احمد آباد سے آئے ہیں۔ انہیں مزید تحقیقات کے لیے امیگریشن حکام کے حوالے کر دیا گیا تاکہ ان سے پوچھا جا سکے کہ وہ جعلی پاسپورٹ کیوں استعمال کر رہے تھے؟

اس سے قبل فلپائن میں ایک امریکی خاتون کو بچے کی سمگلنگ کی کوشش پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ ایک شیر خوار بچے کو دستی بیگ میں ڈال کر ایئرپورٹ سیکیورٹی سے گزرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔

جینیفر ٹالبوٹ نامی خاتون کا تعلق امریکی ریاست اوہائیو سے ہے۔ انہیں منیلا میں نینوئے اکینو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن کے عملے نے روکا تھا۔ ٹرمینل پر کھڑے امیگریشن حکام نے ان سے بڑے سائز کے دستی بیگ میں رکھے سامان کے بارے میں پوچھا تھا۔

43 سالہ امریکی خاتون امریکہ جانے والے طیارے پر سوار ہونے کی کوشش کر رہی تھیں جبکہ ان کے پاس بچے کا پاسپورٹ یا دیگر سفری دستاویزات نہیں تھیں۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا