یو اے ای کی فیکٹری میں آگ لگنے سے نو پاکستانی زخمی

متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستانی سفیر نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

28 فروری، 2020 کی اس فائل فوٹو میں ایک ایمبولینس کو ابوظبی میں دیکھا جا سکتا ہے ( اے ایف پی)

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر نے اتوار کو بتایا کہ عجمان میں ایک کیمیل فیکٹری میں لگنے والی آگ میں نو پاکستانی شہری زخمی ہو گئے۔

یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق ہفتے کی رات جس فیکٹری میں آگ لگی اس میں سینیٹائزرز اور پرفیوم بنائے جاتے ہیں۔

حادثے میں زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کا تعلق سندھ کے علاقے شہید بینظیر آباد اور پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان سے ہے۔

متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’آگ لگنے کا یہ افسوس ناک حادثہ عجمان میں سینیٹائزرز اور پرفیوم سے جڑے کیمیکل کی فیکٹری میں 24 فروری کی شب پیش آیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’بدقسمت واقعے میں نو پاکستانی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔‘

متحدہ عرب امارات میں تقریباً 15 لاکھ پاکستانی تارکین وطن آباد ہیں اور سعودی عرب کے بعد جنوبی ایشیائی ملک میں ترسیلات زر کا دوسرا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔

ان پاکستانیوں کی اکثریت ہنر مند مزدوروں اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فیصل نیاز ترمذی نے مزید بتایا کہ زخمی پاکستانیوں کو عجمان، ابوظبی اور شارجہ کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں یقین دلاتا ہوں کہ حادثے کا شکار پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔‘

دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل اماراتی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور زخمی پاکستانیوں کو ممکنہ سہولیات کو یقینی بنا رہے ہیں۔

حسین محمد نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم زخمی پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنا رہے ہیں اور پاکستانی قونصل جنرل دبئی کے ویلفیئر ونگ کے عہدے داروں نے اس افسوس ناک واقعے کے فوری بعد ہسپتالوں کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا