مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی تینوں خان، ریحانہ اور دپیکا کا رقص

ایشیا کے امیر ترین فرد مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں بالی وڈ کے تینوں خان، ریحانہ اور دپیکا نے اپنے رقص سے شرکا کے دل موہ لیے۔

دو فروری، 2024 کی اس تصویر میں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریبات میں رقص کرتے ہوئے(تصویر: روئٹرز)

ایشیا کے امیر ترین فرد مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں بالی وڈ کے تینوں خان، ریحانہ اور دپیکا نے اپنے رقص سے شرکا کے دل موہ لیے۔

مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی پری ویڈنگ پارٹی کی تین روزہ گالا تقریبات کا جشن مغربی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں جاری ہے، جس میں بالی ووڈ سٹارز کے ساتھ ساتھ مشہور عالمی شخصیات بھی شریک ہیں۔

اس گرینڈ ویک اینڈ پارٹی میں جہاں ایک طرف امریکی گلوکارہ ریحانہ کے کنسرٹ نے سب کو متوجہ کیا وہیں بالی وڈ کے تینوں خانوں کا ایک ساتھ ڈانس کرنا اور انڈیا کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو جھومتے دیکھنا بھی دنیا بھر کے مداحوں کے لیے حیران کن تھا۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق امریکی گلوکارہ ریحانہ نے امبانیز کی شادی میں پرفارم کرنے کے 90 لاکھ ڈالرز بطور معاوضہ وصول کیے۔

ابھی سوشل میڈیا پر ریحانہ کی پرفارمنس کے چرچے مدھم نہیں پڑے تھے کہ گذشتہ رات اس شادی کی ایک اور پارٹی کی تقریب نے مداحوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر لیا، جس کے بعد جہاں انسٹاگرام پر ہر جگہ اس شادی کی ویڈیوز زیر گردش رہیں وہیں ایکس پر بھی ’اننت امبانی کی شادی‘ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

اس میوزیکل نائٹ میں امبانی نے وہ کر دکھایا جو آج تک بالی وڈ کے بڑے سے بڑے ہدایت کار اور پروڈیوسرز نہیں کر سکے، کیونکہ اس پارٹی میں بالی وڈ کے تین خان ایک ساتھ سٹیج پر پرفارم کرتے نظر آئے۔

شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں، اور ان تین بڑے ستاروں کو سٹیج پر ایک ساتھ پرفارم کرتے دیکھنا ان مداحوں کے لیے کسی بڑے ایونٹ سے کم نہیں ہے۔

ایکس کے صارف وشال ورما نے لکھا کہ تینوں خان کو ایک ساتھ ڈانس کرانا صرف امبانی کا ہی کام ہے۔

ابھیشیک کمار نامی صارف نے انڈین ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ویڈیو شئیر کی، جس میں وہ ڈانڈیا تھامے ہلکا پھلکا رقص کرتے نظر آئے، جس پر انہوں نے لکھا کہ ’ واقعی یہ جشن مختلف دنیاؤں کو اکٹھا کرنے کا ہے۔

اس تقریب میں ایک اور منفرد پرفارمنس ہوئی، جو تھی انڈین پنجاب کے سنگر اور اداکار دلجیت دوسانج اور بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی۔ جہاں دلجیت نے سٹیج پر اپنی آواز کا جادو جگایا وہیں ان کے گانوں پر شاہ رخ نے پرفارم کیا۔

انڈین میڈیا کی جانب سے ایک اور ویڈیو میں دلجیت کو انیتا امبانی کے ساتھ پنجابی اور گجراتی میں بات کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

جبکہ ایک اور ویڈیو دلجیت دوسانج نے خود اپنے انسٹاگرام پر شئیر کی، جس میں وہ کرینہ کپور خان کا سٹیج میں ہاتھ تھامے کہہ رہے ہیں کہ ’ آپ لوگوں کی ہو گی ریحانہ اور بیونسی، ہماری تو یہی ہے‘۔ جس کے بعد کرینہ بھی ان کے گانے پر ڈانس کرتی نظر آئیں۔

پرفارمنسز میں بالی وڈ سٹار رنویر سنگھ اور دیپیکا پاڈوکون کی ڈانس ویڈیو نے بھی سب کی توجہ حاصل کی۔

دیپیکا نے حال ہی اپنے انسٹاگرام پر ستمبر 2024 میں ماں بننے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وہ پہلی بار منظر عام پر آئیں اور ڈانس بھی کیا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Zoom TV (@zoomtv)

ان تقریبات میں صرف ہالی وڈ یا بالی ووڈ ستاروں نے ہی پرفارم نہیں کیا، بلکہ امبانی فیملی نے بھی اپنے بیٹے کی شادی کی اس پری ویڈنگ پارٹی میں خصوصی پرفارمنسسز دیں۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Zoom TV (@zoomtv)

مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی ان پروقار تقاریب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ، مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور فیس بک کے مالک مارک زکر برگ بھی روایتی ملبوسات میں انجوائے کرتے دکھائی دیے۔

اننت امبانی اس سال جولائی میں اپنے بچپن کی محبوبہ رادھیکا مرچنٹ سے شادی کرنے جا رہے ہیں، جبکہ جوڑے نے گذشتہ سال جنوری میں ممبئی میں عظیم الشان انٹیلیا میں امبانی خاندان کی رہائش گاہ پر ہونے والی روایتی تقریب میں منگنی کی تھی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل