امبانی کے بیٹے کی شادی، دنیا کے امیر ترین افراد چڑیا گھر کی سیر کریں گے

پاپ گلوکار ریحانہ، فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دیگر مشہور شخصیات مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کے ’جانوروں کی پناہ گاہ‘ کے باہر سفاری تھیم واک میں حصہ لیں گے۔

مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی پری ویڈنگ تقریبات کے سلسلے میں تین روزہ گالا کے دوران ہفتے (دو مارچ) کو دنیا کی مشہور شخصیات ’جانوروں کی پناہ گاہ‘ کا دورہ کریں گے (تصاویر کولاج: اے ایف پی)

ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی طرف سے اپنے بیٹے کی شادی سے قبل کی (پری ویڈنگ) تقریبات کے دوران ہفتے کو مشہور عالمی شخصیات انڈیا میں مخصوص سفاری تھیم والے لباس پہن کر چڑیا گھر بھی جائیں گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاپ گلوکار ریحانہ، فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ ان مشہور مہمانوں میں شامل ہیں، جو ارب پتی ٹائیکون مکیش امبانی کی میزبانی میں تین روزہ گالا کی تقریب میں شریک ہیں۔

یہ ویک اینڈ پارٹی مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور ان کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی ایک وسیع تقریب ہے۔

تین روزہ گالا کے دوران ریحانہ نے جمعے کو پرفارم کیا تھا جبکہ ہفتے کو یہ مہمان ’جانوروں کی پناہ گاہ ‘ کا دورہ کریں گے، جو کئی جنگلی جانوروں کا مسکن ہے۔

یہ سینٹر اننت امبانی نے مغربی ریاست گجرات میں اپنے آبائی شہر جام نگر میں بنایا ہے، جہاں یہ ویک اینڈ پارٹی ہو رہی ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امبانی خاندان ہفتے کو ’وائلڈ سائیڈ واک‘ کی میزبانی کرے گا، جس کا انعقاد جانوروں کی پناہ گاہ کے باہر کیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رپورٹس کے مطابق ’جنگل فیور‘ کے مجوزہ سفاری ڈریس کوڈ کے ساتھ مہمانوں کو آرام دہ جوتے اور لباس پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید کہا گیا کہ شام کو مہمان انڈین ثقافت کا جشن منانے کے لیے منعقدہ پارٹی کے لیے اس مناسبت سے لباس زیب تن کریں گے۔

66  سالہ مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور دنیا کے 10ویں امیر ترین شخص ہیں۔ فوربز میگزین کی ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت 116 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔

انہیں اپنے والد سے تیل، گیس اور پیٹرو کیمیکلز پر پھیلا ہوا ایک صنعتی ادارہ وراثت میں ملا، جسے انہوں نے ٹیلی کمیونیکیشنز اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز میں منافع بخش دلچسپیوں کے ساتھ ایک تجارتی مرکز بنا دیا۔

بربیری، ارمانی اور جمی چو جیسے فیشن برانڈز کے ساتھ ریلائنس کی شراکت داری نے انڈیا کے متوسط ​​طبقے میں پرتعیش اشیا کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں مدد کی ہے۔

امبانی کے 27 منزلہ خاندانی گھر کی تعمیر میں مبینہ طور پر ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی لاگت آئی ہے اور اس میں 600 ملازمین کا عملہ مستقل طور پر موجود رہتا ہے۔

2018 میں ہونے والی مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی کو انڈیا کی مہنگی ترین شادی قرار دیا گیا تھا، جس پر مبینہ طور پر 10 کروڑ ڈالر لاگت آئی اور جس میں امریکی پاپ میگا سٹار بیونسے نے بھی پرفارم کیا تھا۔

ان کا چھوٹا بیٹا 28 سالہ اننت امبانی ریلائنس انڈسٹریز کی کئی ملکیتی فرموں کے بورڈ میں ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔

اننت امبانی کی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی فہرست میں ڈزنی کے سربراہ باب ایگر بھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بالی وڈ سٹارز امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان، کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر اور ایم ایس دھونی اور انڈسٹری کے ٹائیکون گوتم اڈانی کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جو انڈیا کے انتہائی امیر افراد میں شمار ہوتے ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل