مکیش امبانی اب ایمازون اور وال مارٹ کو ٹکر دینے کے لیے تیار

چند سالوں پہلے تک صرف تیل کے کاروبار پر توجہ مرکوز رکھنے والی ریلائنس نے یہ خواب پورا کرنے کے لیے ای کامرس سیکٹر میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے

ریلائنس کے پاس حریف کمپینوں کو متاثر کرنے کا تجربہ موجود ہے (اے ایف پی)

عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے بعد بھارت کی ارب پتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس نے ایمازون اور وال مارٹ کو پیچھے چھوڑنے کی تیاری کر لی ہے۔

چند سالوں پہلے تک صرف تیل کے کاروبار پر توجہ مرکوز رکھنے والی ریلائنس نے یہ خواب پورا کرنے کے لیے ای کامرس سیکٹر میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کمپنی کے ڈیجیٹل یونٹ ’جیو‘ نے گوگل اور فیس بک جیسی عالمی کمپنیوں کو بھی اپنی جانب راغب کر لیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ریلائنس کے ڈیجیٹل منصوبوں میں آن لائن شاپنگ اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے لے کر ٹیلی کام اور ڈیجیٹل ادائیگیوں تک سب شامل ہے جس سے یہ کمپنی چین کی علی بابا اور ٹینسنٹ کے ہم پلہ بن کر سامنے آئی ہے۔

ریلائنس کے پاس حریف کمپینوں کو متاثر کرنے کا تجربہ موجود ہے۔ سستے سمارٹ فونز اور موبائل انٹرنیٹ منصوبوں کے ساتھ کمپنی کے ٹیلی کام وینچر ’جیو‘ محض چار سالوں میں اس مارکیٹ کے سب سے بڑے کھلاڑی ووڈافون، آئیڈیا اور بھارتی ایئرٹیل کو پچھاڑ کر ملک کا سب سے بڑا ٹیلی کام آپریٹر بن چکا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کمپنی چیئرمین مکیش امبانی کا کہنا ہے کہ ریلائنس ای کامرس پلیٹ فارم ’جیو مارٹ‘ میں توسیع کرے گی، یہ پلیٹ فارم چھوٹے ریٹیلرز کو صارفین سے جوڑے گا اور یہاں صرف گروسری ہی نہیں بلکہ الیکٹرانکس اور فیشن سے متعلق مصنوعات بھی دستیاب ہوں گی۔

امبانی نے کہا کہ ’ہم بہت سارے شہروں کا احاطہ کریں گے اور پورے بھارت میں صارفین کو ای کامرس کی خدمات مہیا کریں گے اور مزید کئی کیٹیگریز کا اضافہ کریں گے۔‘

سنگاپور میں قائم مالی مشاورتی کمپنی ’ریسفبر انٹرنیشنل‘ سے وابستہ مایاک وشنوئی نے کہا کہ ’جیو پلیٹ فارمز میں نہ صرف بنیادی ڈھانچے کی سہولت اور ترقی کی صلاحیتیں موجود ہیں بلکہ اس کو گھریلو سطح پر ہی صارفین کی بڑی تعداد بھی دستیاب ہے۔‘

انہوں نے کہا مختلف شعبوں میں نئی ڈیجیٹل مصنوعات کے اضافے سے ایمازون اور وال مارٹ جیسے بہت سے بڑے غالب کھلاڑیوں کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے جب کہ فیس بک اور گوگل جیسے سٹریٹجک پارٹنرز کا ہونا اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ ریلائنس گیم پلان حقیقی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک مقامی صنعت کار نے امریکی ملٹی نیشنل کمپنیاں، جو بھارت میں کاروبار کر رہی ہیں، کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ایمازون اور وال مارٹ کو جیو مارٹ سے خوفزدہ ہونا چاہیے۔‘

تاہم کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریلائنس کو ایمازون اور وال مارٹ کے فلپ کارٹ سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ دونوں کمپنیوں نے بھاری سرمایہ کاری کی ہوئی ہے اور ملک میں ان کے پہلے سے ہی گودام قائم ہیں اور رسد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

جیومارٹ اس وقت صرف 200 شہروں میں ہی گروسری فراہم کر رہا ہے جبکہ ایمیزون اور فلپ کارٹ پورے ملک میں وسیع پیمانے پر مصنوعات کی فراہمی کرتے ہیں۔

امبانی خاندان کو سیاسی طور پر بااثر سمجھا جاتا ہے جن کے وزیراعظم نریندرمودی سے گہرے مراسم ہیں جس سے ایمازون اور والمارٹ کو باقاعدہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا