نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم سے اکتائے ہوئے لوگ کیا کریں؟

ان دو مقبول سروسز کے علاوہ بھی ایسی ویڈیو سٹریمنگ سروسز ہیں جنہیں پاکستان میں دیکھا جاسکتا ہے اور جن کے بارے میں زیادہ لوگ نہیں جانتے۔

لاک ڈاؤن کے دوران نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم نے اپنی ویڈیو کوالٹی میں کچھ کمی کردی ہے تاکہ اپنے نظام کو اضافی بوجھ سے بچایا جاسکے۔(تصویر: اے ایف پی)

اگر آپ بھی سٹریمنگ ویب سائٹس نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم سے اکتا چکے ہیں تو کچھ ایسی ویڈیو سٹریمنگ ایپس بھی ہیں، جو آپ کی بوریت کو ختم کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرونا (کورونا) وائرس کی وبا نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ ٹی وی بہت زیادہ دیکھ رہے ہیں، خاص کر آن لائن سٹریمنگ سروسز کو دیکھنے والوں کی تعداد میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ مقبول و معروف سروسز یعنی نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم نے اپنی ویڈیو کوالٹی میں کچھ کمی کردی ہے تاکہ اپنے نظام کو اضافی بوجھ سے بچایا جاسکے۔

کچھ ایسے افراد بھی ہیں جو نیٹ فلکس یا ایمازون پرائم پر موجود اپنی دلچسپی کا زیادہ تر مواد دیکھ چکے ہیں اور اب ان کے پاس مزید دیکھنے کو کچھ نہیں بچا یا پھر وہ کچھ نیا اور مختلف دیکھنا چاہتے ہیں۔

ایسے میں ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ان دو مقبول سروسز کے علاوہ دیگر کون سی ایسی ویڈیو سٹریمنگ سروسز ہیں جنہیں آپ پاکستان میں دیکھ سکتے ہیں اور جن کے بارے میں زیادہ لوگ نہیں جانتے۔

سٹارز پلے/  www.starzplay.pk

(سکرین گریب)


اس ایپ پر بہت سی انگریزی فلمیں موجود ہیں، خاص کر جیمز بونڈ سیریز اور ہیری پوٹر سیریز دیکھنے میں بہت سے افراد دلچسپی رکھتے ہوں گے۔

اس کے علاوہ اس پر ’لال کبوتر‘ اور ’موٹرسائیکل گرل‘ جیسی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلمیں بھی ہیں، تاہم یہاں بالی وڈ کی فلمیں موجود نہیں ہیں۔

یہ ویڈیو سٹریمنگ ایپ پاکستان میں سینما کے ایک بڑے گروپ سینی پیکس نے متعارف کروائی ہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اسے سبسکرائب کرنے کے لیے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کا ہونا ضروری نہیں بلکہ یہ موبائل فون اور واؤچر کے ذریعے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔

دوسرا اگر آپ اسے موبائل فون سے سبسکرائب کرتے ہیں تو آپ اسے صرف ماہانہ ہی نہیں بلکہ ہفتے وار یا روزانہ کی بنیاد پر بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

یہ سروس 299 روپے ماہانہ، 85 روپے ہفتہ اور صرف 13 روپے روزانہ میں مل جائے گی۔

تاہم اس کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ اسے آپ لیپ ٹاپ، موبائل فون یا پھر ٹیبلٹ پر ہی دیکھ سکتے ہیں۔ سمارٹ ٹی وی کے لیے اس کی ایپلیکیشن موجود نہیں ہے۔

ذی 5/ https://www.zee5.com

(سکرین گریب)


بالی وڈ فلموں کے مداحوں کے لیے یہ بہت ہی عمدہ سائٹ ہے جس پر ان گنت فلمیں اور ڈرامے موجود ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اس ایپ کی اپنی خصوصی سیریز بھی موجود ہیں جبکہ یہاں کئی بھارتی پنجابی فلمیں بھی موجود ہیں۔

اگر آپ اس پر اپنا اکاؤنٹ بنائیں تو کچھ فلمیں اور ڈرامے بغیر سبسکرپشن کے بھی دیکھ سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت اس ایپ کے لیے پاکستان سے بھی کچھ خصوصی سیریز پروڈکشن کے مراحل میں ہیں جن میں سب سے قابل ذکر صبا قمر اور نعمان اعجاز کی سیریز ’من جوگی‘ ہے، جس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

یہ ایپ صرف 1500 پاکستانی روپے سالانہ، 250 روپے ماہانہ یا پھر 75 روپے ہفتہ کے حساب سے سبسکرائب کی جاسکتی ہے۔

ایروس ناؤ/  https://erosnow.com

(سکرین گریب)


صرف 185 پاکستانی روپے ماہانہ یا 1850 پاکستانی روپے سالانہ میں یہ ایپ سبسکرائب کی جاسکتی ہے جس پر بالی وڈ فلموں کا ایک خزانہ موجود ہے۔

صرف اتنا جان لیں کہ اس پر دلیپ کمار کی فلمیں جیسے ’انداز‘، ’آن‘، ’رام اور شیام‘ بھی موجود ہیں۔

اس کے علاوہ امیتابھ بچن کی 1980 کی ’دوستانہ‘ اور 1990 کی ’اگنی پت‘ بھی موجود ہے۔

حالیہ دور کی بھی کئی کامیاب فلمیں اس پر موجود ہیں جیسے ’من مرضیاں‘، ’رام لیلہ‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘۔ اس کے علاوہ اس پر ان کی اپنی ویب سیریز بھی موجود ہے اور اگر آپ مہوش حیات کے فین ہیں تو ان کی پہلی ویب سیریز ’عنایا‘ بھی یہاں موجود ہے۔

اس ایپ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس پر اے آر وائی اور ہم ٹی وی کے علیحدہ ٹیب موجود ہیں جن پر کئی مقبول پاکستانی ڈرامے دیکھے جا سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی اگر آپ موسیقی کے شوقین ہیں تو مشہور گانوں کو الگ سے بھی رکھا گیا ہے جہاں ان سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

آئی فلکس/ https://www.iflix.com/pk

(سکرین گریب)


پاکستان میں یہ ایپ پی ٹی سی ایل کے ساتھ لانچ کی گئی تھی اور اس کا فائدہ یہ ہے کہ اگر آپ پی ٹی سی ایل سمارٹ ٹی وی استعمال کرتے ہیں تو آپ اسے ان ہی کے ذریعے سبسکرئب کرسکتے ہیں اور بِل آپ کے فون بل میں موصول ہو جایا کرے گا۔

یہ سروس 300 پاکستانی روپے ماہانہ یا 2800 روپے سالانہ میں حاصل کی جاسکتی ہے، تاہم اس پر زیادہ تر انگریزی مواد ہی موجود ہے۔

بالی وڈ کی فلموں میں سے چند ہی فلمیں ہیں جن میں سب سے قابلِ ذکر ’مسٹر انڈیا‘ ہے۔

پاکستانی فلمیں اور ڈرامے بھی قابلِ ذکر نہیں ہیں البتہ کچھ تاریخی ڈاکومینٹری ڈرامہ اچھے ہیں جیسے ’جیسس آف نظرت‘۔

اگر آپ ڈاکیومنٹریز کا شوق رکھتے ہیں تو ایک دو ماہ کے لیے سبسکرائب کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی فلم