انڈونیشیا کے پائلٹس پرواز کے دوران 30 منٹ تک سوتے رہے: رپورٹ

انڈونیشیا کی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی کے مطابق 25 جنوری کو جنوب مشرقی سولاویسی سے جکارتہ جانے والی پرواز کا پائلٹ اور شریک پائلٹ ایک ہی وقت میں تقریبا 28 منٹ تک سو تے رہے تھے۔

باٹک ایئر کا ایک طیارہ 18 اگست 2022 کو مشرقی کالیمانتان کے بالیکپاپن کے ہوائی اڈے پر اترنے کی تیاری کر رہا ہے (اے ایف پی)

انڈونیشیا میں 150 سے زیادہ مسافروں کو لے جانے والے طیارے کے دو پائلٹ پرواز کے دوران تقریبا 30 منٹ تک سوتے رہے۔

ملک کی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی کمیٹی (کے این کے ٹی) کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 25 جنوری کو جنوب مشرقی سولاویسی سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ جانے والی باٹک ایئر کی پرواز کا پائلٹ اور شریک پائلٹ ایک ہی وقت میں تقریبا 28 منٹ تک سو رہے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دو گھنٹے اور 35 منٹ کی پرواز کے دوران طیارہ درست راستے پر نہیں تھا، جس کی وجہ سے جہاز میں کئی غلطیاں ہوئیں تاہم اس کے 153 مسافر اور چار فلائٹ اٹینڈنٹ محفوظ رہے۔

رپورٹ کے مطابق ایئربس اے 320 طیارے کے سیکنڈ ان کمانڈ پائلٹ نے اپنے شریک پائلٹ کو مطلع کیا تھا کہ انہوں نے دن میں مناسب آرام نہیں کیا۔

جیسے ہی طیارے نے اڑان بھری اور بلندی پر پہنچا، پائلٹ نے آرام کرنے کی اجازت مانگی اور سیکنڈ ان کمانڈ، جو پہلے ہی ’تقریبا 30 منٹ‘ تک سو چکا تھا، نے طیارے کو سنبھال لیا۔

اس کے بعد پرواز کے تقریبا 90 منٹ بعد سیکنڈ ان کمانڈ بھی ’نادانستہ طور پر سو گیا۔‘

جب جکارتہ ایریا کنٹرول سینٹر (اے سی سی) نے شریک پائلٹ کی جانب سے آخری ریکارڈ ٹرانسمیشن کے تقریباً 12 منٹ بعد طیارے تک پہنچنے کی کوشش کی تو کسی بھی پائلٹ کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

جکارتہ اے سی سی کی جانب سے بی کے ٹی 6723 سے رابطہ کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں جن میں دیگر پائلٹوں کو جہاز کو بلانے کے لیے کہا گیا۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ جہاز کے پائلٹس کی جانب سے کسی بھی کال کا جواب نہیں دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 

آخری ریکارڈ شدہ ٹرانسمیشن کے تقریباً 28 منٹ بعد ، پائلٹ بیدار ہوا تو اسے احساس ہوا کہ طیارہ صحیح راستے پر نہیں ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں پائلٹس کے نام نہیں بتائے گئے لیکن ان کمانڈ فلائر کی شناخت 32 سالہ انڈونیشی مرد اور سیکنڈ ان کمانڈ 28 سالہ انڈونیشی مرد کے طور پر کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیکنڈ ان کمانڈ کو اپنی ایک ماہ کے جڑواں بچوں کی دیکھ بھال میں اپنی بیوی کی مدد کرنے کے لیے کئی بار بیدار ہونا پڑا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈونیشیا کی ایئر ٹرانسپورٹ کی ڈائریکٹر جنرل ماریا کرسٹی اینڈاہ مرنی نے اس واقعے پر باٹک ایئر کی سخت سرزنش کی اور ایئرلائنز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے عملے کے آرام کے وقت پر توجہ دیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا