ریاض میں سعودی پاک ٹیک نمائش میں پاکستانی پویلین توجہ کا مرکز

ریاض میں جاری سعودی پاک ٹیک ایکسپو میں پاکستانی کمپنیوں نے معروف سعودی اور دیگر ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ کئی معاہدے کیے ہیں۔

چار سے سات مارچ 2024 تک جاری رہنے والی لیپ 2024 میں 800 وفود نے پاکستانی انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کی نمائندگی کی (لیپ ویب سائٹ)

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ سعودی پاک ٹیک نمائش ’لیپ 2024‘ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹریز سے تعلق رکھنے والی 74 پاکستانی کمپنیوں نے شرکت کی اور دنیا کی کئی معروف کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے۔

ریڈیو پاکستان نے بدھ کو ایک رپورٹ میں کہا کہ چار سے سات مارچ تک جاری رہنے والی لیپ 2024 میں 800 وفود نے پاکستانی انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کی نمائندگی کی۔

اس ہائی پروفائل فورم کا اہتمام پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے کیا تھا۔

اس سال ہونے والے عالمی میگا ایونٹ میں 183 ممالک سے ایک لاکھ 72 ہزار شرکا نے حصہ لیا۔

لیپ 2024 میں پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری کا پویلین توجہ کا مرکز رہا جہاں کا دورہ دنیا بھر کی آئی ٹی کمپنیوں کے نمائندگان نے کیا۔

ریاض میں ہونے والے ٹیک ایکسپو میں پاکستانی سافٹ ویئر اور آئی ٹی کمپنیوں نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کی معروف آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ کئی معاہدے کیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس موقعے پر اپنے تاثرات میں سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کہا کہ سعودی پاک ٹیک ایکسپو میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی کمپنیوں کی موجودگی آئی ٹی کے شعبے میں مشرق وسطیٰ کے ساتھ مضبوط تعلقات کے امکانات کو واضح کرتی ہے۔

اسی ایکسپو کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں معروف سعودی سرمایہ کار گروپ نے ایک پاکستانی کمپنی سپر نووا سلوشنز کے ساتھ معاہدہ کیا، جو ملک میں پلاننگ اور بزنس سلوشنز فراہم کرنے والی ایک بڑی کمپنی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق اس شراکت داری کا اعلان لیپ ٹیک کنونشن کے موقع پر کیا گیا۔

سعودی عرب نے ملک میں ڈیجیٹل مہارتوں کی ترقی اور ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے 11.9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر رکھا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق نمائش کی انتظامی کمیٹی کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر انجینیئر عبداللہ السواحہ نے ’لیپ 24‘ نمائش کے افتتاح کے موقعے پر اس سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی