امریکی خاتون جنھوں نے 20 سورج گرہن دیکھنے کے لیے ساتوں براعظموں کا سفر کیا

ٹیکساس کی 63 سالہ لٹیشیا فیرر 1998 سے اب تک تمام اور اس سے پہلے کے بھی کئی سورج گرہن دیکھ چکی ہیں۔

لٹیشیا فیرر کہتی ہیں کہ ان کی زندگی سورج گرہنوں کے درمیان بٹی ہوئی ہے (روئٹرز/ایوان گارشیا)

امریکی خاتون لٹیشیا فیرر سورج گرہن کی ’عاشق‘ ہیں یعنی وہ آسمان پر اس منظر کو دیکھنے کے جنون میں مبتلا ہیں اور اس مقصد کے لیے طویل سفر کرتی ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ریاست ٹیکساس کی 63 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہوں نے مکمل سورج گرہن دیکھنے کے لیے تمام سات براعظموں اور یہاں تک کہ سمندر کا بھی سفر کیا اور 1998 سے اب تک تمام اور اس سے پہلے کے بھی کئی سورج گرہن دیکھ چکی ہیں۔

پیر کو شمالی امریکہ میں مکمل گرہن دیکھنے کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 21 ہو جائے گی، لیکن اس بار انہیں زیادہ دور جانے کی ضرورت نہیں۔

ڈیلاس کے علاقے فارمرز برانچ میں واقع ان کے گھر سے سورج گرہن دیکھا جا سکتا ہے یا جب چاند مکمل طور پر سورج کے سامنے آ جائے گا۔

اس کے باوجود وہ سورج گرہن سے کچھ دیر اور لطف اندوز ہونے کے لیے تقریباً ایک گھنٹہ جنوب کی جانب سفر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

فیرر کہتی ہیں: ’میں اس احساس کی عادی ہوں۔ چند سیکنڈ یا منٹس تک کائنات کے ساتھ ایک ہونا اور واقعی موجود ہونا اور اسے محسوس کرنا اور پھر بلاشبہ ہمیشہ اگلے (سورج گرہن) کی منصوبہ بندی ہوتی ہے۔‘

بقول فیرر: ’میری زندگی سورج گرہنوں کے درمیان بٹی ہوئی ہے۔‘

فیرر سفر کے لیے بجٹ بناتی ہیں اور سورج گرہن دیکھنے کے لیے اپنی دن کی نوکری سے چھٹیاں لیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شمالی امریکہ میں تیسری مرتبہ سورج گرہن دیکھیں گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں ان میں سے ایک سورج گرہن دیکھنے یورپ جا چکی ہوں۔ میں اب تک دو بار افریقہ جا چکی ہوں۔ میں تین بار آسٹریلیا گئی۔

’میں دو بار انٹارکٹیکا جا چکی ہوں۔ میں تین بار ایشیا گئی۔ میرے خیال میں انڈونیشیا اس میں شامل ہے۔ اوہ! اور کچھ سمندر۔ ہم بحر اوقیانوس یا بحر الکاہل کے وسط میں تھے۔ یہ کہیں بھی زمین پر نہیں تھا۔‘

ان کے اس جنون کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ 2017 میں فیرر میں رحم کے سرطان کی تشخیص ہوئی لیکن اس سال گرہن دیکھنے کے لیے انہوں نے علاج میں تاخیر کی۔

2010 میں ان کے پہلے شوہر چل بسے اور اگلے ہی ماہ وہ جنوبی امریکہ گئیں کیونکہ بقول فیرر: ’میں نے ان (شوہر) کے خوابوں کو ان کے ساتھ مرتے دیکھا اور میں اپنے خوابوں کو مرنے نہیں دوں گی۔‘

ایک سال بعد فیرر کی اپنے موجودہ شوہر سے ایک ڈیٹنگ ویب سائٹ پر ملاقات ہوئی جہاں ان (خاتون) کی پروفائل میں بتایا گیا کہ ’ہر مکمل سورج گرہن دیکھنا ان کا مشن ہے۔ وہ کبھی کبھار لگنے والا جزوی سورج گرہن بھی دیکھیں گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ