سمندر کے نیچے گرل فرینڈ کو شادی کے لیے منانے والا نوجوان واپس نہیں آیا

شادی کے لیے رضامندی حاصل کرنے کے بعد جب نوجوان سٹیون سطح سمندر پر زندہ ابھر نہیں سکے۔

اس منظر کے بعد سٹیون  نے انگوٹھی کا  ڈبہ نکالا اور سطح سمندر کی جانب تیرنے لگے۔(ویڈیو گریب)

تنزانیہ میں ساحل سمندر پر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ چھٹیاں منانے کے لیے گئے سٹیون ویبر انہیں شادی کے لیے انوکھے طریقے سے پروپوز کر کے اس واقعے کو یادگار بنانا چاہتے تھے۔

ان کی دوست کانیشا انٹوائن ایک ایسے کیبن میں موجود تھیں جو خاص طور پر وہاں ایسے جوڑوں کے لیے بنایا گیا تھا جو اپنی چھٹیاں نت نئے طریقوں سے منانا چاہتے ہیں۔ سٹیون ویبر نے سمندر میں غوطہ لگایا اور ایک کارڈ پر لکھا ہوا پیغام کیبن کی اس کھڑکی کے سامنے کر دیا جو سمندر کی طرف موجود تھی۔ کارڈ پر لکھا تھا ’کیا تم میری بیوی بنو گی؟‘ 

اس کے بعد سٹیون  نے انگوٹھی کا ایک ڈبہ نکالا اور سطح سمندر کی جانب تیرنے لگے۔

کانیشا انٹوائن نے اپنے فیس بک پر اس واقعے کی فلم جمعے کی صبح لگائی اور لکھا، ’ہاں ہاں ہاں۔‘ 

تاہم چند گھنٹوں بعد کانیشا کو اندازہ ہوا کہ سٹیون اب کبھی واپس آنے والے نہیں تھے۔

’ہم کبھی اپنی زندگی کی نئی شروعات کر ہی نہیں سکے۔ ہماری زندگی کا بہترین دن ایک بدترین یاد میں بدل گیا۔ یہ قسمت کا تاریک موڑ تھا۔‘


’میں یہ سوچ کر خوش ہونے کی کوشش کروں گی کہ ہم گذشتہ دنوں کے حیرت انگیز تجربات سے لطف اندوز ہوئے اور یہ کہ ہم دونوں اپنے آخری لمحوں تک ایک ساتھ تھے، خوش تھے اور ایک دوسرے سے مطمئن تھے۔‘
کانیشا نے مزید لکھا ’وہ ہر ایک کے لیے ایک مشعل راہ تھا۔ وہ کبھی کسی کے لیے اجنبی نہیں تھا، اس نے بہت سے لوگوں میں خوشیاں بانٹیں۔ وہ مہربان تھا، ہمدرد تھا۔ اس نے مجھے ہنسا ہنسا کر رلایا اور مجھ سے ایسے ٹوٹ کر پیار کیا جیسا کوئی مجھ سے کبھی نہیں کر پائے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)


انہوں نے یہ بھی لکھا کہ کچھ روز قبل سٹیون نے انہیں ایسی یاد گار چھٹیوں کے بارے میں بتایا تھا جن کا مرنے سے پہلے زندگی میں ایک بار تجربہ ضرور کیا جانا چاہیے۔
کانیشا نے کہا: ’میں سٹیون کو اگلی زندگی میں ڈھونڈ لوں گی اور اسی سے شادی کروں گی۔ اگلی زندگی میں بھی اور اس سے اگلی زندگی میں بھی۔ میں اس سے بہت پیار کرتی ہوں اور ہمیشہ کرتی رہوں گی۔‘
یہ جوڑا مشرقی افریقہ کے ساحل سے دور پیمبا جزیرے پر موجود تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وہ تنزانیہ میں امریکی شہری کی ہلاکت سے آگاہ ہیں۔
سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے کہا: ’ہم ان کے اہل خانہ سے اس ناقابل تلافی تقصان پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ ہم قونصلر کی تمام معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی افریقہ