چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اتوار کو کہا ہے کہ چین ایران کی ’خود مختاری، سلامتی اور قومی وقار‘ کے دفاع میں اس کی حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے یہ بات ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔
فون پر ہونے والی بات چیت میں وانگ نے 31 جولائی کو تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر بیجنگ کی طرف سے مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس حملے سے ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی اور علاقائی استحکام کو خطرہ لاحق ہو گیا۔‘
ایران اور فلسطینی اسلامی گروپ حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ اس نے حملہ کر کے اسماعیل ہنیہ کو قتل کیا۔
تاہم اسرائیل نے اس قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی اس سے انکار کیا جس سے اس تشویش میں اضافہ ہوا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت مشرق وسطیٰ میں وسیع تر جنگ میں تبدیل ہو رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل پر اسرائیل کو سخت سزا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ علی باقی کنی کو بتایا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل سے ’غزہ میں فائربندی کے لیے مذاکرات کے عمل کو براہ راست نقصان پہنچا اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچا۔‘
وانگ نے کہا کہ ’چین قانون کے مطابق ایران کی خود مختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ اور علاقائی امن واستحکام برقرار رکھنے میں اس کی کوششوں میں اس کی حمایت کرتا ہے اور ایران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کے لیے تیار ہے۔‘
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے عباس عراقچی کو ملک کا وزیر خارجہ نامزد کر دیا ہے جو 2013 سے 2021 تک جوہری مذاکرات میں ایران کے چیف مذاکرات کار رہ چکے ہیں۔