فیصلہ سازی کا حصہ نہیں، میچ ڈے سٹریٹجسٹ ہوں: پاکستانی کوچ

راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے اور سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ سے قبل جیسن گلیسپی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ صرف ’میچ ڈے سٹریٹجسٹ‘ ہیں۔

جیسن گلیسپی نے راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے قبل 23 اکتوبر 2024 کو پریس کانفرنس کی (سکرین گریب/ پی سی بی یوٹیوب)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلوی بولر جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ ان کا کھلاڑیوں کی سلیکشن میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔

راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے اور سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ سے قبل جیسن گلیسپی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ صرف ’میچ ڈے سٹریٹجسٹ‘ ہیں۔

انہوں نے یہ بات ایک سوال کے جواب میں کہی جس میں ان سے پوچھا گیا تھا کہ ملتان میں دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل پچ کے آس پاس کافی ہلچل دکھائی دی، تو ان ’بڑی تبدیلیوں کی فیصلہ سازی میں آپ بھی شامل تھے؟‘

جیسن گلیسپی نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ کے بعد کچھ تبدیلیاں کیں، اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ نیا سلیکشن پینل آئے گا اور وہ فیصلے کرے گا۔‘

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں فیصلہ سازی میں شامل نہیں تھا۔ میں اب میچ ڈے سٹریٹیجی کوچ ہوں، میری توجہ کھلاڑیوں پر اور انہیں کرکٹ کے لیے تیار کرنے پر ہے۔‘

پریس کانفرنس میں ان سے ایک اور صحافی نے بھی اسی بارے میں دوبارہ سوال کیا تو جیسن نے کہا کہ ’میں اس پر یہاں بات نہیں کر سکتا۔‘

مگر انہوں نے اتنا ضرور کہا کہ ’میں سلیکٹر نہیں، میں میچ ڈے سٹریٹجسٹ ہوں، بطور ہیڈ کوچ میرا کام کھلاڑیوں سے ہے، میری توجہ کھلاڑیوں پر ہے، میں سلیکٹرز کو ان کا کام کرنے دیتا ہوں اور ہم جا کر بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کے سیریز اس وقت ایک، ایک سے برابر ہے۔ ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بری طرح ہارنے کے بعد پاکستان نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کرتے ہوئے بابر اعظم، شاہین آفریدی کو آرام دینے، اسی پچ پر دوبارہ کھیلنے اور صرف ایک فاسٹ بولر کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستان کا یہ فیصلہ صحیح ثابت ہوا تھا اور وہ سپنرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز کو برابری پر لے آیا۔

اب راولپنڈی میں فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے انگلینڈ نے بھی تین سپنرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے لیگ سپنر ریحان خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

پاکستانی ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی سے انگلش سپنرز کے بارے میں سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’انگلش سپنرز کے حوالے سے ہماری بات ہوئی ہے کہ کیسے ہم ان پر دباؤ ڈال سکتے ہیں کیونکہ انگلینڈ اس میچ میں سپنرز پر بڑی حد تک انحصار کرے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ