پاکستان محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی موسمی پیش گوئی کے مطابق پاکستان کے بالائی حصوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثر انداز ہو رہا ہے اور جمعے کی شام سے 20 اپریل تک بارش، آندھی اور بعض مقامات پر شدید طوفان اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعے اور ہفتے کو خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، پوٹھوہار ریجن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفان آ سکتے ہیں۔ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر نے 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل تک کے لیے شدید موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
یہ ایڈوائزری پوٹھوہار ریجن (اسلام آباد، راولپنڈی)، بالائی پنجاب (اٹک، چکوال، گجرات، جہلم) اور سینٹرل پنجاب (فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ) کے لیے جاری کی گئی ہے۔
ایک روز قبل اسلام آباد اور راولپنڈی میں شام کو اچانک ہونے والی شدید ژالہ باری اور بارش نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا تھا اور درجنوں گاڑیوں کو نقصان پہنچایا تھا۔
تقریباً 35 منٹ جاری رہنے والے اس طوفان کے دوران بڑے سائز کے اولے، تیز ہوائیں اور شدید بارش نے گاڑیوں، درختوں، سولر پینلز اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے دو دن تیز بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے، جو بنیادی ڈھانچے، آمدورفت اور زرعی سرگرمیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
18 اور19 اپریل کے دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، بہاولپور، ملتان، ساہیوال، خانیوال، پاکپتن شریف، وہاڑی اور اوکاڑہ میں بھی آندھی/جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران تیز ہوائیں اور شدید بارش درختوں کو گرا سکتی ہیں، جس سے عارضی بجلی کی بندش ہو سکتی ہے۔ آندھی، گرد کے طوفان اور ژالہ باری کمزور عمارات، چھتوں، گاڑیوں اور بجلی کی تاروں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ژالہ باری فصلوں اور شیشے والی بیرونی تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور بارش اور گرد کے باعث حدِ نگاہ میں کمی سے ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
این ڈی ایم اے نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے جس کے مطابق سیاحوں اور شہریوں کو چاہیے کہ سرکاری ذرائع سے موسم کی تازہ ترین صورت حال سے باخبر رہیں۔
مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر سے قبل سڑکوں کی صورت حال معلوم کریں اور شدید موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں رہنے والے افراد خاص احتیاط برتیں اور مقامی ہدایات پر عمل کریں۔
تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت دی کہ وہ شدید موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے جب کہ متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق گذشتہ دنوں درختوں کے گرنے اور تاروں کے ٹوٹنے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جب کہ گرنے والے درختوں اور ملبے کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
گذشتہ روز کی بارش اور ژالہ باری سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں گندم کی تیار فصلیں ژالہ باری اور بارش سے تباہ ہو گئیں، جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ایک بار پھر ژالہ باری کی پیش گوئی کے بعد شہریوں نے اسلام آباد میں احتیاطی تادبیر اختیار کی ہیں اور دفاتر یا تو گاڑیاں لے کر نہیں گئے یا گھروں میں بھی گاڑیاں چھت کے نیچے کھڑی کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک شخص نے بتایا کہ وہ گاڑی میں احتیاط کے طور پر کمبل بھی رکھ رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تازہ بارشوں سے آندھی/جھکڑ / ژالہ باری/گرج چمک اور تیز/ موسلادھار بار ش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر (بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
کاشت کاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں خاص طور پر (گندم کی کٹائی) کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں۔