اسرائیل میں درجنوں اہداف پر حملے کیے ہیں: پاسداران انقلاب

خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق ایران کے فضائی دفاعی نظام نے کم از کم دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے ہیں، تاہم پائلٹوں کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔

13 جون، 2025 کو تل ابیب میں میزائل حملے کے دوران دھماکے کا منظر (اے پی)

اسرائیلی فوج نے جمعے کو کہا ہے کہ اس نے ایران پر حملوں میں اس کے جوہری اور فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جب کہ ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ان حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی کے علاوہ ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری اور چھ جوہری سائنس دانوں کی موت ہوئی ہے۔

ایرانی فوج نے ان حملوں کا ’سخت جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب دونوں ملکوں نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے۔

ایران پر اسرائیلی حملے کی اپ ڈیٹس یہاں دیکھیے:


ایرانی عوام ظالم حکومت سے آزادی کے لیے اٹھ کھڑے ہوں: اسرائیلی وزیر اعظم

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو نے جمعے کو ایرانی عوام سے کہا ہے کہ وہ ’ظالم اور شیطانی حکومت‘ کے خلاف متحد ہو جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ’تاریخ کی سب سے بڑی فوجی کارروائیوں میں سے ایک‘ میں مصروف ہے۔

نتن یاہو نے ایک ویڈیو بیان میں کہا: ’ایرانی عوام کے لیے وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے پرچم اور تاریخی ورثے کے گرد متحد ہوں اور اس ظالم و جابر حکومت سے آزادی کے لیے کھڑے ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ہم تاریخ کی سب سے بڑی فوجی کارروائیوں میں سے ایک، یعنی ’آپریشن رائزنگ لائن‘ کے بیچ میں ہیں۔‘ اے ایف پی


ایران کے میزائل حملے میں امریکہ اسرائیل کی مدد کر رہا ہے: امریکی عہدے دار

ایک امریکی عہدے دار کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی کارروائی کے تحت داغے گئے میزائلوں کو روکنے میں امریکی فوج مدد فراہم کر رہی ہے۔ اے پی


فضائی دفاع نے دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے، پائلٹوں کا سراغ نہیں: ارنا

ایرانی خبر رساں ایجنسی ارنا (IRNA) کے مطابق ایران کے فضائی دفاعی نظام نے کم از کم دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے ہیں، تاہم پائلٹوں کے بارے میں ابھی کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔


آیت اللہ علی خامنہ ای کا اسرائیلی حملوں کا بدلہ لینے کا عزم

ایران کے  لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعے کو اسرائیلی حملوں کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ 

ان کا یہ ریکارڈ شدہ خطاب اس وقت نشر کیا گیا جب ایرانی میزائل اسرائیل کی جانب داغے جا رہے تھے۔

خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی فوج جوابی حملے کے لیے تیار ہے۔ ’یہ نہ سمجھیں کہ انہوں نے حملہ کیا اور معاملہ ختم ہو گیا۔ 

’نہیں، انہوں نے کام کا آغاز کیا ہے، جنگ کا آغاز کیا ہے۔ ہم انہیں اس بڑے جرم سے بحفاظت بچ نکلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘ اے پی


اسرائیل میں درجنوں اہداف پر حملے کیے ہیں: پاسداران انقلاب

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل میں درجنوں اہداف پر حملے کیے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب نے سرکاری میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا ’اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے غاصب صیہونی حکومت کے مقبوضہ علاقوں میں درجنوں اہداف، فوجی مراکز اور فضائی اڈوں پر فیصلہ کن اور درست جواب دیا ہے۔‘

اسرائیلی فوج کے ایک اہلکار نے جمعے کی رات بتایا کہ ایران نے درجنوں بیلسٹک میزائل اسرائیل کی جانب داغے ہیں۔

 اے ایف پی کے صحافیوں نے اطلاع دی کہ جمعے کو یروشلم میں فضائی حملے کے سائرن بجے اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

فوج نے ایک بیان میں کہا ’کچھ دیر پہلے اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن اس وقت بجے جب ایران سے اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی گئی۔‘



ایران نے حملہ کیا تو فرانس اسرائیل کا دفاع کر سکتا ہے: صدر میکروں

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے جمعے کو کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کیا تو فرانس ممکن ہوا تو اسرائیل کا دفاع کرے گا۔

انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ’اگر ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملہ کیا جاتا ہے تو فرانس، اگر ممکن ہوا، تو تحفظ اور دفاعی کارروائیوں میں حصہ لے گا۔‘ اے ایف پی


اسرائیلی فوج کا اصفہان میں ایرانی جوہری تنصیب پر حملے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کو ایران کے شہر اصفہان میں واقع جوہری تنصیب پر حملہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے صحافیوں کو بتایا ’میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ ہم نے اصفہان میں جوہری تنصیب کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ آپریشن اب بھی جاری ہے۔‘

ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر نے رپورٹ کیا کہ آج اصفہان میں ایک ’زبردست دھماکے‘ کی آواز سنی گئی، جو ایک ایسے صوبے میں واقع ہے جہاں کئی جوہری تنصیبات موجود ہیں۔

مہر کے مطابق ’چند منٹ پہلے اصفہان میں ایک زبردست دھماکے کی آواز سنی گئی۔‘ تاہم فوری طور پر مزید تفصیلات نہیں دی گئیں۔ اے ایف پی


تبریز شہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں: ایرانی میڈیا

ایرانی ذرائع ابلاغ نے اب سے کچھ دیر قبل تبریز شہر میں زور دار دھماکوں کی اطلاع دی ہے، جو بعض ذرائع کے مطابق ہوائی اڈے کے قریب سنے گئے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق چند منٹ قبل شہر میں ایک نئے دھماکے کی آواز سنی گئی۔

ایجنسی نے مزید بتایا کہ مشرقی آذربائیجان صوبے میں تقریباً 10 مقامات کو دن کے اوائل میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے جمعہ کے روز کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کی زیادہ تر قیادت کو زیر زمین ہیڈکوارٹر میں اجلاس کے دوران ختم کیا گیا۔


روسی وزارت دفاع کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

روسی وزارت دفاع نے جمعہ کو اسرائیل اور ایران کے درمیان ’تیز کشیدگی‘ کی مذمت کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔

اے ایف پی کے مطابق کریملین کے ترجمان دمتری پیسکوف نے سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کو بتایا کہ ’روس کو تشویش ہے اور وہ کشیدگی میں تیزی سے اضافے کی مذمت کرتا ہے۔‘

تل ابیب میں روسی سفارت خانے نے اسرائیل میں روسیوں پر دباؤ ڈالا کہ اگر وہ ہو سکے تو ملک چھوڑ دیں اور کہا کہ وہ ’صورتحال معمول پر آنے تک‘ وہاں سفر کرنے کے خلاف ’سخت مشورہ‘ دیتا ہے۔

تہران میں ماسکو کے مشن نے بھی اسی طرح کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہریوں کو مشورہ دے رہا ہے کہ وہ ’ایران کا دورہ کرنے سے گریز کریں، فوجی تنصیبات کے قریب جانے سے گریز کریں اور ملک میں کہیں بھی تصاویر یا ویڈیوز نہ بنائیں۔‘


کمانڈر پاسداران انقلاب اور آرمی چیف آف سٹاف کی تعیناتیاں 

ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے مرحوم حسین سلامی کی جگہ جنرل احمد واحدی کو پاسداران انقلاب کا نیا کمانڈر مقرر کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محمد باقری کی موت کے بعد میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کو ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف کا عارضی سربراہ منتخب کیا گیا ہے۔


ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد پاکستانی فضائی حدود میں ایئر ٹریفک کی صورت حال

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے جمعے کو کہا ہے کہ حالیہ علاقائی حالات کے تناظر میں پاکستان کی فضائی حدود مؤثر طور پر استعمال ہو رہی ہے اور اب تک کسی قسم کی رکاوٹ یا خلل نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ  خطے میں سکیورٹی صورت حال کے باوجود بین الاقوامی پروازیں پاکستان کی فضائی حدود سے معمول کے مطابق گزر رہی ہیں۔

’اضافی فضائی ٹریفک کو پیشہ ورانہ انداز میں مؤثر طریقے سے سنبھالا جا رہا ہے اور بین الاقوامی پروازوں کو کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں۔‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق موثر فضائی حدود مینجمنٹ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے پاکستان اضافی فضائی نقل و حرکت سے بخوبی نمٹ رہا ہے۔

’پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی فضائی آپریشنز کی حفاظت، سکیورٹی اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔‘


افغانستان میں طالبان حکومت کا ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

افغانستان میں طالبان حکومت نے جمعے کو ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقائی عدم تحفظ کو ہوا دیتے ہیں۔‘

طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’اس طرح کی کشیدگی کو ہوا دینے والے اقدامات کے تسلسل نے خطے کی صورتحال کو مزید نازک اور تشویشناک بنا دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ طالبان انتظامیہ، جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتی، نے تمام سٹیک ہولڈرز سے ’اس مسئلے پر توجہ دینے اور خطے میں مزید عدم تحفظ اور عدم استحکام کو پھیلنے سے روکنے‘ کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری طرف افریقی یونین نے بھی ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے۔


ایران پر حملوں میں درجنوں ریڈار میزائل لانچرز تباہ: اسرائیلی فوج کا دعویٰ

اسرائیل فوج نے جمعے کو کہا ہے کہ اس نے مغربی ایران میں فضائی حملوں کی لہر میں درجنوں ریڈار اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق ایک فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حالیہ گھنٹوں میں، فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے، انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی درست معلومات کی مدد سے، مغربی ایران میں ایرانی حکومت کے فضائی دفاعی نظام کے خلاف ایک وسیع حملہ مکمل کیا۔

’حملوں کے ایک حصے کے طور پر، درجنوں ریڈارز اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا گیا۔‘


ایران کا سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے ایران کے خلاف اسرائیل کی فوجی جارحیت کے تناظر میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق 13 جون کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو لکھے گئے ایک سرکاری خط میں ایرانی مشن نے تہران کے خلاف اسرائیل کی جارحانہ کارروائی کے جواب میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔

مشن نے خط میں کہا کہ ایک لاپرواہ اور غیر قانونی کارروائی میں جس کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی، اسرائیلی حکومت نے ایران کے جوہری مراکز اور شہری انفراسٹرکچر پر متعدد مربوط فوجی حملے کیے ہیں۔


 

چین کی ایران اسرائیل کشیدگی کم کرنے میں مدد کی پیشکش: چینی وزارت خارجہ

چین نے جمعہ کو ایران کی جوہری اور فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملوں پر ’شدید تشویش‘ کیا اور انہیں ملک کی خودمختاری کی ’خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے کی مذمت کی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے چین کی جانب سے کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ ’چینی فریق اس طرح کے اقدامات کے سنگین نتائج کے بارے میں گہری تشویش میں مبتلا ہے۔‘

انہوں نے متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ایسے اقدامات کریں جو علاقائی امن و استحکام کو فروغ دیں اور کشیدگی کو مزید بڑھانے سے گریز کریں۔


ایران پر اسرائیلی حملے سفارتی حل کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں: قطر

غزہ کے ثالث قطر نے جمعے کو ایران پر اسرائیلی حملوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حملے کشیدگی کو کم کرنے اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں ’رکاوٹ‘ ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق قطر کی سرکاری نیوز ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ایک بیان کے حوالے سے کہا کہ ’قطر اسرائیلی حملے کی اپنی شدید مذمت اور مذمت کا اظہار کرتا ہے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’خطرناک کشیدگی خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالتی ہے اور کشیدگی کو کم کرنے اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہے۔‘

اردن نے بھی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ علاقائی سلامتی کو خطرہ ہے۔


ایران فلسطین کی حمایت اور اس کی مزاحمت میں اپنے ثابت قدم مؤقف کی قیمت چکا رہا ہے: حماس

فلسطینی گروپ حماس نے جمعے کو ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی لہر کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ ’خطے کو غیر مستحکم کر سکتے ہیں۔‘ 

اے ایف پی کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ جارحیت ایک خطرناک اضافہ ہے جس سے خطے کو غیر مستحکم کرنے کا خطرہ ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آج ایران فلسطین کی حمایت اور اس کی مزاحمت میں اپنے ثابت قدم مؤقف کی قیمت چکا رہا ہے۔‘


اسرائیلی حملوں میں چھ جوہری سائنس دان قتل: ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق جمعے کو ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں میں چھ ایرانی جوہری سائنس دان قتل ہوئے ہیں۔

ایران کے پاسداران انقلاب سے منسلک تسنیم نیوز ایجنسی نے جمعے کو رپورٹ کیا کہ ’چھ ایرانی جوہری سائنس دان اسرائیلی فضائی حملوں میں دن کے اوائل میں مارے گئے۔‘

نیوز ایجنسی کے مطابق ان کے نام عبدالرحیم منوچہر، احمدرضا زلفغری، سید امیرحسین فغیحی، متلبی زادہ، مہدی تہرانچی اور فریدون عباسی ہیں۔

ان سب کو ایران کے جوہری پروگرام سے وابستہ بتایا گیا تھا۔


فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے سے تابکاری میں اضافہ نہیں ہوا: ایران 

اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے نے جمعے کو کہا کہ ایرانی حکام نے انہیں بتایا کہ اسرائیلی حملوں کے بعد نتنز یورینیم کی افزودگی کے مقام پر تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔

بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’ایرانی حکام نے آئی اے ای اے کو مطلع کیا ہے ... کہ نتنز سائٹ پر تابکاری کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا ہے۔‘  

اس نے مزید کہا کہ جنوبی بندرگاہی شہر بوشہر میں ایران کے واحد جوہری پاور پلانٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔


ایران پر حملے جاری ہیں: ترجمان اسرائیلی فوج 

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیارے اب بھی ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے کر رہے ہیں۔ 

اے ایف پی کے مطابق فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرین نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہمارے پائلٹوں نے ایران کے مختلف علاقوں میں جوہری پروگرام سے متعلق فوجی اہداف پر حملہ کیا اور اب بھی کر رہے ہیں۔‘

دوسری طرف روئٹرز کے مطابق اردن نے بھی حملوں کے تناظر میں اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے۔


ایران نے اسرائیل پر 100 ڈرونز داغے ہیں، اسرائیلی فوج

اسرائیلی اخبار اسرائیل ٹائمز نے اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرن کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران اسرائیل پر 100 سے زیادہ ڈرون داغے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آئی ڈی ایف انہیں گرانے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔

اخبار کے مطابق ایران سے داغے جانے والے ڈرونز کو اسرائیل پہنچنے میں کئی گھنٹے لگیں گے۔

آئی ڈی ایف کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈیفرن نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیلی فضائیہ کے 200 سے زائد طیارے آج علی الصبح ایران پر ہونے والے ابتدائی حملوں میں ملوث تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے حملوں میں 330 سے زائد گولہ بارود گرائے۔

اسرائیلی اخبار اسرائیل ٹائمز اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے ممکنہ حملے سے قبل اسرائیلی سپر مارکیٹوں کا بڑی تعداد میں رخ کر رہے ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن کئی دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ اسرائیل میں زیادہ تر دکانیں عام طور پر یہودی سبات کی وجہ سے جمعہ کی دوپہر سے ہفتہ کی شام تک بند رہتی ہیں۔

اسرائیلی اخبار اسرائیل ٹائمز کے مطابق اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے ممکنہ حملے سے قبل اسرائیلی سپر مارکیٹوں کا بڑی تعداد میں رخ کر رہے ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن کئی دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ اسرائیل میں زیادہ تر دکانیں عام طور پر یہودی سبات کی وجہ سے جمعہ کی دوپہر سے ہفتہ کی شام تک بند رہتی ہیں۔


سعودی عرب اور جاپان کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

سعودی عرب نے جمعے کو اسرائیل کی جانب سے ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب برادر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی صریح جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، جو اس کی خود مختاری اور سلامتی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی کرتے ہیں۔‘

جاپان نے بھی ایران پر اسرائیلی حملوں کی ’شدید مذمت‘ کی ہے۔

جاپانی وزیر خارجہ تاکیشی ایویا نے جمعے کو ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس تازہ ترین کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں جس سے صورت حال مزید خراب ہو رہی ہے۔

’مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن اور استحکام جاپان کے لیے انتہائی اہم ہے اور ہم اس میں شامل تمام فریقوں سے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرنے اور حالات کو پرسکون کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔‘


آئل ریفائنریز محفوظ ہیں اور معمول کی کارروائیاں جاری ہیں: ایرانی وزارت تیل

ایران کی تیل کی وزارت نے کہا کہ جمعے کو اسرائیل کے مہلک حملے سے کلیدی ریفائنریز اور ایندھن کے ڈپو متاثر نہیں ہوئے ہیں اور ملک بھر میں کارروائیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق وزارت نے ایک بیان میں کہا، ’ملک کی ریفائننگ سہولیات اور تیل کے ڈپو کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اور فی الحال ان تنصیبات کی سرگرمیاں اور ایندھن کی فراہمی ملک کے تمام حصوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔‘


ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف بھی اسرائیلی حملوں میں قتل: ایرانی میڈیا

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مسلح افواج کے چیف آف سٹاف محمد باقری بھی جمعے کو دارالحکومت سمیت متعدد شہروں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملوں میں جان کھو بیٹھے ہیں۔

اے ایف پی نے ایرانی نشریاتی ادارے کے حوالے سے بتایا کہ مسلح افواج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری قتل ہوگئے ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس نے بھی اس نقصان کی تصدیق کی ہے۔


ائرلائنز ایرانی فضائی حدود سے دور

لائٹ رڈار ایپ کے مطابق تمام دنیا کی ائر لائنز ایرانی فضائی حدود سے پروازیں بند کر دیں ہیں۔

فلائٹ ٹریکنگ سائٹس کے مطابق اسرائیل کے سرکاری طیارے ’ونگ آف صہیون‘ نے بظاہر حفاظتی اقدام کے طور پر کچھ دیر قبل تل ابیب کے بین گوریون ہوائی اڈے سے اڑان بھری ہے۔

تاہم اس جہاز کی منزل کے بارے میں مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

ایران کی جانب سے 13 اپریل 2024 کو اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے سے قبل اس خصوصی طیارے کو نیواتم ایئر بیس سے اڑایا گیا تھا جسے بعد میں نشانہ بنایا گیا تھا۔


ایران کے پاس جوہری بم نہیں ہو سکتا اور امریکہ مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی امید کرتا ہے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے آغاز کے بعد فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس جوہری بم نہیں ہو سکتا اور امریکہ مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی امید کر رہا ہے۔

فاکس نیوز کی رپورٹر جینیفر گرفن نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ کے حوالے سے کہا کہ ’ایران کے پاس جوہری بم نہیں ہو سکتا اور ہم مذاکرات کی میز پر واپس آنے کی امید کر رہے ہیں۔

صحافی نے صدر ٹرمپ کے حوالے سے لکھا کہ ’ہم دیکھیں گے کہ قیادت میں کئی لوگ ہیں جو واپس نہیں آئیں گے۔‘

دوسری طرف ایک امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے کے بعد بھی، امریکہ تہران کے ساتھ اتوار کو مذاکرات کی امید رکھتا ہے۔

اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا، ’ہم اب بھی اتوار کو بات چیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘

اہلکار کے پاس اس بارے میں مزید معلومات نہیں تھیں کہ آیا ایران مذاکرات پر راضی ہوا ہے یا نہیں۔

عمان نے اس سے قبل اتوار کو بات چیت کی منصوبہ بندی کی تھی جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوست اور عالمی سطح پر مذاکرات کرنے والے سٹیو وِٹکوف شامل تھے۔

ایران کی وزارت خارجہ نے جمعے کو کہا کہ امریکہ اس حملے کے ’نتائج کا ذمہ دار‘ ہے۔ ایران نے اس سے قبل دھمکی دی تھی کہ اگر تنازعہ ہوا تو وہ امریکی اڈوں پر حملہ کر دے گا۔

اسرائیل، جو کہ امریکی سفارتی اور فوجی مدد پر انحصار کرتا ہے، یہ حملہ ٹرمپ کے پہلے کہنے کے باوجود کیا کہ وہ سفارت کاری کے لیے وقت دینا چاہتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس سے قبل کہا تھا کہ امریکہ اس حملے میں ملوث نہیں تھا اور ایران کو خبردار کیا تھا کہ وہ عرب دنیا میں تعینات امریکی افواج کے خلاف جوابی کارروائی نہ کرے۔


سپریم کمانڈر آیت اللہ خامنہ ای محفوظ ہیں: ایرانی سکیورٹی ذرائع

ایران کے اعلیٰ سکیورٹی ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای محفوظ اور خیریت سے ہیں اور انہیں اسرائیلی حملے کے بعد کی صورت حال پر مسلسل بریفنگ دی جا رہی ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے نور نیوز کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی شمخانی اسرائیلی حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں اور ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ادھر اسرائیل نے کسی بھی ممکنہ جوابی حملے کے پیشِ نظر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ خاص طور پر ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

ایران نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔


ایران پر اب تک پانچ حملے کر چکے ہیں: اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کے ایک عہدیدار نے اخبار ٹائمز آف اسرائیل کو بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے اب تک ایران میں پانچ حملے کیے ہیں۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر سینکڑوں حملے کیے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل آئی ڈی ایف نے کہا تھا کہ وہ ایرانی جوہری تنصیبات، فوجی تنصیبات اور اعلیٰ فوجی اور جوہری حکام کو نشانہ بنا رہا ہے۔

اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔


اسرائیل میں چینی شہریوں کو چوکس اور محتاط رہنے کی ہدایت

تل ابیب میں چین کے سفارت خانے نے جمعے کو اسرائیل میں اپنے شہریوں کو ’انتہائی چوکس رہنے‘ اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم وی چیٹ پر کہا کہ ’اسرائیل میں چینی سفارتخانہ ملک میں چینی شہریوں کو سختی سے یاد دلاتا ہے کہ وہ پیش رفت پر گہری نظر رکھیں، پرسکون رہیں اور انتہائی چوکس رہیں۔‘

اس نے مزید کہا کہ ’جب تک ضروری ہو باہر نہ نکلیں اور فوجی تنصیبات اور حساس اداروں کے ارد گرد کے علاقوں سے سختی سے گریز کریں۔‘

دوسری طرف یروشلم میں امریکی سفارت خانے نے بھی جمعے کی صبح جاری کیے گئے سکیورٹی الرٹ میں کہا کہ ’موجودہ سکیورٹی کی صورتحال کے نتیجے میں، امریکی سفارت خانے نے تمام امریکی سرکاری ملازمین اور ان کے خاندان کے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے اطلاع تک اپنی جگہ پر پناہ لیں۔‘


بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 12 فیصد اضافہ

جمعے کو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 12 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد خام تیل سے مالا مال مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

امریکی تیل کا اہم معاہدہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ 76.61 ڈالر فی بیرل جب کہ برینٹ نارتھ سی کروڈ 12.2 فیصد اضافے کے ساتھ 77.77 ڈالر پر پہنچ گیا۔


اسرائیلی حملہ سفارتی حل کو ختم کرنے اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ: عمان

ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ملک عمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملہ ’سفارتی حل کو ختم کرنے اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے خطرہ ہے۔‘

اے ایف پی کے مطابق ایسا عمانی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا۔


پاسداران انقلاب کے سینیئر کمانڈر غلام علی راشد بھی مارے گئےِ: ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق جمعے کو اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سینیئر کمانڈر غلام علی راشد بھی مارے گئے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہا کہ ’میجر جنرل غلام علی راشد کی شہادت کی تصدیق ہو گئی ہے۔‘


اسرائیل کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے: آیت اللہ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ جمعہ کو تہران اور جوہری تنصیبات سمیت اسلامی جمہوریہ پر مہلک حملے شروع کرنے کے بعد اسرائیل کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس جرم کے ساتھ، صہیونی حکومت نے اپنے آپ کو ایک تلخ اور دردناک انجام کے لیے متعین کیا ہے اور وہ اسے ضرور حاصل کرے گی۔‘

ایران نے متنبہ کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ کے متعدد شہروں اور جوہری تنصیبات پر جمعہ کو اسرائیل کے مہلک حملوں کا جواب دینے کا اس کے پاس ’قانونی اور جائز حق‘ ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس جارحیت کا جواب دینا اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق ایران کا قانونی اور جائز حق ہے۔‘ 

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کی مسلح افواج ’اپنی پوری طاقت کے ساتھ ایرانی قوم کا دفاع کرنے سے دریغ نہیں کرے گی۔‘


ایران کا اسرائیلی حملوں کا سخت جواب دینے کا عندیہ

ایران نے اسرائیلی فضائی حملوں کا ’سخت جواب‘ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف کے ترجمان ابوالفضل شیکرچی نے کہا کہ ’مسلح افواج یقینی طور پر اس صہیونی حملے کا جواب دیں گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو ’بھاری قیمت چکانی پڑے گی اور اسے ایرانی مسلح افواج کے سخت ردعمل کا انتظار کرنا چاہیے۔‘

اس سے قبل ایک ایرانی سکیورٹی ذرائع نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام کے خلاف کیے گئے اسرائیلی حملوں کا ’سخت جواب‘ دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ’اسرائیلی حملے کا جواب سخت اور فیصلہ کن ہو گا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جوابی کارروائی کی تفصیلات پر ’اعلیٰ سطح پر بات چیت کی جا رہی ہے۔‘


پاسداران انقلاب کے سربراہ، دو جوہری سائنس دان قتل

سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے رپورٹ کیا کہ ’اسلامی انقلابی گارڈ کور کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی تہران میں اسرائیلی حملے میں قتل ہوئے۔‘

دوسری جانب ایرانی نیوز ایجنسی تسنیم نے رپورٹ کیا ہے کہ جوہری سائنس دان اور اسلامی آزاد یونیورسٹی کے صدر محمد مہدی تہرانچی اور جوہری سائنس دان اور ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی بھی الگ الگ حملوں میں قتل کر دیے گئے۔


ایران پر حملوں کا پہلا مرحلہ مکمل: اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے جمعے کو ایرانی فوجی اور جوہری مقامات کو نشانہ بنانے والے حملوں کا ’پہلا مرحلہ‘ مکمل کر لیا ہے جبکہ ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل نے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا: ’کچھ دیر پہلے اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں طیاروں نے پہلا مرحلہ مکمل کیا، جس میں ایران کے مختلف علاقوں میں ایٹمی اہداف سمیت درجنوں فوجی اہداف پر حملے شامل تھے۔‘

دوسری جانب ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے دارالحکومت میں متعدد علاقوں کا نام دیتے ہوئے کہا کہ ’تہران میں کئی عمارتوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔‘

ارنا نے مزید رپورٹ کیا کہ ’ایران میں ایک رہائشی کمپلیکس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد کو شہید کر دیا گیا۔‘

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جمعے کی صبح ایران کے وسطی صوبے اصفہان کے شہر نطنز میں بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ نطنز ایران میں یورینیم کی افزودگی کے اہم مراکز میں سے ایک ہے۔

ایک اسرائیلی سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے کو اسرائیلی حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف محمد باقری کو ’ممکنہ طور پر ختم‘ کر دیا ہے، تاہم ایران نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے ’ایران کے جوہری افزودگی کے پروگرام کے مرکز‘ پر کارروائی کی، جس کا مقصد صوبے اصفہان کے شہر نطنز میں جوہری تنصیب اور جوہری سائنس دانوں کو نشانہ بنانا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کے خلاف آپریشن ’جتنے دن بھی لگیں، جاری رہے گا۔‘


ایران اور اسرائیل میں فضائی ٹریفک معطل

ایران کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ تہران کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے امام خمینی پر فضائی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے، جب کہ ہمسایہ ملک عراق نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے اور تمام ہوائی اڈوں پر تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔

ایران پر حملوں کے بعد اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہے۔ ملک کی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا: ’ایئر سپیس اگلے نوٹس تک ٹیک آف اور لینڈنگ کے لیے بند ہے۔‘

جبکہ جوابی حملے کے پیش نظر اسرائیل نے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ آپریشن کے بعد تہران کی طرف سے جوابی کارروائی ممکن ہے۔


اس خبر کو  اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا