عبدالستار ایدھی پر فلم ہم بنا رہے ہیں سندھ حکومت نہیں: فیصل ایدھی

فیصل ایدھی کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت بننے والی اس فلم پر ایک سال سے کام جاری ہے۔

عالمی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی زندگی پر بننے والی فلم پر حالیہ دنوں میں ایک دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی۔

سندھ حکومت کی جانب سے اس فلم کے لیے بجٹ مختص کرنے اور فلم ساز ستیش آنند کے ساتھ اشتراک کے اعلان کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے یہ دعویٰ مسترد کر دیا کہ یہ فلم حکومت سندھ بنا رہی ہے۔

فیصل ایدھی نے واضح کیا کہ ’ہم نے سنا ہے سندھ حکومت نے اس فلم کے لیے کچھ بجٹ مختص کیا ہے، مگر یہ فلم ایدھی فاؤنڈیشن بنا رہا ہے۔‘

ان کے مطابق فاؤنڈیشن گذشتہ کئی برسوں سے یہ فلم بنانا چاہ رہی ہے اور پچھلے ایک سال سے اس پر باقاعدہ کام جاری ہے۔

چند روز قبل کراچی میں منعقدہ ایک فلمی میلے میں وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا تھا کہ صوبائی حکومت، فلم ساز ستیش آنند کے ساتھ مل کر عبد الستار ایدھی پر فلم بنانے جا رہی ہے۔

ان کے بقول، ’وزارت اطلاعات و نشریات سندھ فلم ساز ستیش آنند کے ساتھ مل کر معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی زندگی پر فلم بنا رہی ہے۔‘

تاہم فیصل ایدھی کا مؤقف کچھ مختلف ہے۔ انہوں نے نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ ’ایک ڈرامہ اداکار اور پروڈیوسر سے تقریباً ایک سال قبل فلم بنانے پر معاہدہ ہوا تھا۔‘

بعد میں، ان کے مطابق، فلم ساز ستیش آنند نے رابطہ کیا اور بتایا کہ سندھ حکومت نے فلم کے لیے بجٹ منظور کیا ہے اور وہ یہ فلم بنانا چاہتے ہیں۔

’مگر ہم نے فلم ساز ستیش آنند کو واضح طور پر کہا کہ ہم نے کسی اور کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔ اس لیے اب انہیں یہ فلم نہیں دی جا سکتی۔‘

فیصل ایدھی کی خواہش ہے کہ ان کے والد کی انسانیت کے لیے خدمات کو پوری دنیا تک پہنچانے کے لیے ایک بین الاقوامی معیار کی فلم بنائی جائے۔
 
’بڑے عرصے سے خواہش تھی کہ عبدالستار ایدھی کی انسانیت کی خدمت میں گزاری گئی تمام عمر پر ایک عالمی معیار کی فلم بنے تاکہ آنے والی نسلوں کو ان کی خدمت کے متعلق بتایا جاسکے اور یہ فلم اتنی اچھی ہو کہ ساری دنیا میں دکھائی جاسکے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ فلم ایک بائیوپک ہوگی، یعنی عبدالستار ایدھی کی حقیقی زندگی پر مبنی فلم، جس کی شوٹنگ اُن تمام مقامات پر ہوگی جہاں ایدھی نے اپنی زندگی کے اہم سال گزارے۔

بانٹوا، ان کا آبائی گاؤں جو انڈین ریاست گجرات میں واقع ہے، بھی اس میں شامل ہے، البتہ وہاں شوٹنگ ممکن نہ ہوئی تو سٹوڈیو میں اس مقام کا سیٹ بنایا جائے گا۔

فلم میں ایدھی صاحب کی والدہ اور اہلیہ بلقیس ایدھی کے کردار کو بھی مرکزی حیثیت دی جائے گی۔

فیصل ایدھی کے مطابق ’ایدھی صاحب کی زندگی میں ان کی والدہ اور اہلیہ بلقیس ایدھی کا بہت بڑا کردار تھا۔ ان دونوں کے باعث ایدھی، ایدھی بنے۔ اس لیے اس فلم میں ان دونوں خواتین کے اہم کردار رکھے جائیں گے۔‘

فلم کا سکرپٹ مصنفہ تہمینہ درانی کی لکھی گئی سوانح عمری ’ایدھی: آ مرر ٹو دی بلائنڈ‘ سے لیا جائے گا، جس کے بارے میں فیصل ایدھی نے بتایا ’کتاب کے لیے عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کے واقعات بتائے اور تہمینہ درانی نے نوٹ کرکے انہیں ترتیب دیا، سکپرٹ کے لیے اسی کتاب سے لکھا جائے گا۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود اپنے والد کا کردار ادا کریں گے تو انہوں نے سادگی سے جواب دیا ’میں اداکار نہیں۔ اس لیے ان کی زندگی پر اس طرح اداکاری نہیں کر سکتا۔

’پروڈیوسر اور فلم کے دیگر ارکان فیصلہ کریں گے کہ ایدھی کا کردار کون ادا کرے گا۔‘
whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم