پاکستان میگا موٹر کمپنی نے ملک میں اپنی نوعیت کی ’پہلی‘ پلگ اِن ہائبرڈ پک اپ ’بی وائی ڈی 6‘ متعارف کروا دی ہے جس کی قیمت ایک کروڑ، 99 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔
کراچی ایکسپو سینٹر میں 25 جولائی کو ہونے والی تقریب میں اس گاڑی کا باضابطہ افتتاح کیا گیا اور اس کی بکنگ کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
بی وائی ڈی کی پارٹنر پاکستانی کمپنی میگا موٹر کمپنی کے نائب صدر برائے سیلز اینڈ سٹریٹجی دانش خالق نے ’بی وائی ڈی 6‘ کی افتتاحی تقریب کے بعد انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ اپنی نوعیت کی واحد گاڑی ہے جو طاقت، رفتار اور جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج ہے، اور پاکستان میں پک اپ گاڑیوں کے شعبے میں ایک نیا باب رقم کرتی ہے۔‘
اس نئی گاڑی کے جدید فیچرز بارے میں دانش خالق نے بتایا کہ ’بی وائی ڈی شارک 6 کو مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں مختلف زمینی حالات جیسے کیچڑ، برف اور ریت کے لیے علیحدہ ڈرائیونگ موڈز موجود ہیں تاکہ ہر قسم کے راستوں پر مکمل کنٹرول حاصل رہے۔
’اس کی بیٹری براہِ راست چیسز کے ساتھ منسلک ہے، جو ناہموار راستوں پر اضافی تحفظ فراہم کرتی ہے، جبکہ مضبوط سسپینشن سسٹم سفر کو ہموار اور مستحکم بناتا ہے۔‘
ان کے مطابق اس گاڑی میں ایسی خصوصیت موجود ہیں جس کی مدد سے یہ ڈرائیونگ کے دوران بجلی کی سپلائی کا ذریعہ بن جاتی ہے، جو کیمپنگ، ہنگامی حالات یا میدان میں اوزار چلانے کے لیے کارآمد ہے۔
’یہ گاڑی طاقت اور آرام دہ ڈرائیونگ کا امتزاج ہے۔ بی وائی ڈی شارک 6 پاکستان کی تیز ترین پلگ اِن ہائبرڈ گاڑی ہے، جو صرف پانچ اعشاریہ سات سیکنڈ میں زیرو سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لیتی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس میں ایک اعشاریہ پانچ لیٹر ٹربو چارجڈ پیٹرول انجن اور 60 لیٹر ایندھن کی گنجائش کے ساتھ ساتھ دو عدد برقی موٹریں بھی موجود ہیں، جو مجموعی طور پر 436 ہارس پاور اور 650 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتی ہیں۔
’گاڑی کی مشترکہ ڈرائیونگ حد 800 کلومیٹر ہے، جس میں 100 کلومیٹر مکمل الیکٹرک رینج شامل ہے۔‘
بقول دانش خالق: ’بی وائی ڈی شارک 6 محض ایک نئی گاڑی نہیں بلکہ نئی توانائی گاڑیوں کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے۔ یہ طاقت، آرام اور ذہانت کا امتزاج ہے۔ یہ گاڑی ان لوگوں کے لیے تیار کی گئی ہے جو کارکردگی، سہولت اور ایندھن کی بچت کو یکجا دیکھنا چاہتے ہیں۔
’یہ نئی گاڑی جلد ہی ملک بھر کے شورومز پر ٹیسٹ ڈرائیو کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔‘
چینی کمپنی بی وائی ڈی کی پاکستان میں پارٹنر کمپنی حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کامران کمال نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حبکو گرین نے ملک بھر میں وسیع نیٹ ورک رکھنے والی بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے، تاکہ پاکستان بھر میں ایک مضبوط چارجنگ انفراسٹرکچر قائم کیا جا سکے۔
کامران کمال کے مطابق ’ہمارا ہدف ہے کہ اگلے سال کے اختتام تک لاہور، اسلام آباد موٹر وے پر ہر 200 کلومیٹر کے فاصلے پر چارجنگ سٹیشن نصب کیا جائے۔‘
بی وائی ڈی اپنے ایک بیان میں امریکی انوائرمنیٹل پروٹیکشن ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس گاڑی کے استعمال کے دوران اپنے الیکٹرک-فرسٹ ڈیزائن کی بدولت ٹیل پائپ سے کاربن کے اخراج میں 62 فیصد تک کمی لائی جا سکتی ہے اور یہ گاڑی 50 کلومیٹر فی لیٹر تک کی فیول ایوریج دیتی ہے۔