چینی الیکٹرک گاڑی ساز کمپنی بی وائی ڈی کے ایک اعلیٰ عہدے دارنے بدھ کو کہا کہ کمپنی اگلے سال جولائی یا اگست تک پاکستان میں اپنی پہلی اسمبل شدہ کار متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خطے میں الیکٹرک اور پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی بجلی سے چلنے والی گاڑیاں بنانے والی چینی کمپنی بی وائی ڈی اپنے ملک سے باہر تیزی سے پھیل رہی ہے جہاں اسے قیمتوں کی شدید جنگ کا سامنا ہے۔
پاکستان کا پلانٹ ابھرتی ہوئی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا اور کمپنی کو پاکستانی حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات سے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی دے گا۔
بی وائی ڈی پاکستان کے سیلز اور سٹریٹجی کے نائب صدر دانش خلیق نے روئٹرز کو بتایا کہ کراچی کے قریب پلانٹ اپریل سے زیر تعمیر ہے، جو بی وائی ڈی اور میگا موٹر کمپنی (جو پاکستانی یوٹیلیٹی حب پاور کی ذیلی کمپنی ہے) کے اشتراک سے بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اس پلانٹ میں ڈبل شفٹ میں سالانہ 25 ہزار گاڑیاں تیار کرنے کی صلاحیت ہو گی۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ پلانٹ مکمل استعداد پرکب پہنچے گا یا وہاں بڑے پیمانے پر پیداوار کب شروع ہو گی؟
دانش خلیق کا کہنا تھا کہ پلانٹ کے کام کا آغاز درآمد شدہ حصے اسمبل کرنے سے ہو گا جب کہ کچھ غیر الیکٹرک پرزوں کی مقامی پیداوار بھی ہو گی۔ ابتدائی طور پر یہ گاڑیاں ملکی مارکیٹ کے لیے تیار کی جائیں گی جب کہ بعد میں خطے کے رائٹ ہینڈ ڈرائیو ممالک کو برآمد کرنے کا امکان ہے، جو مال برداری کے اخراجات اور کاروباری حالات پر منحصر ہو گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا: ’ہمیں اپنے سسٹم میں اضافی گنجائش کی توقع نہیں، جب کہ پاکستان میں طلب بڑھ جائے گی۔‘
بی وائی ڈی نے مارچ میں پاکستان میں درآمد شدہ ای وی گاڑیاں فراہم کرنا شروع کی تھیں۔ خلیق نے فروخت کی درست تعداد تو نہیں بتائی، لیکن کہا کہ چند سو گاڑیوں کی فروخت اندرونی ہدف سے 30 فیصد زیادہ رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ پاکستان میں ای وی اور پلگ ان ہائبرڈ گاڑیوں کی مارکیٹ کا حجم 2024 میں تقریباً 1000 یونٹس سے بڑھ کر 2025 میں تین سے چار گنا ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بی وائی ڈی اس شعبے میں 30 سے 35 فیصد حصہ حاصل کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔
حبکو کی فائلنگ کے مطابق، بی وائی ڈی پاکستان نے 2025 کے مارچ کوارٹر میں تقریباً 44 کروڑ 40 لاکھ روپے (15 لاکھ 60 ہزار ڈالر) منافع کمایا۔
بی وائی ڈی جمعے کو پاکستان میں اپنی شارک سکس پلگ ان ہائبرڈ پک اپ ٹرک متعارف کرا رہی ہے۔ چین کی ایم جی پہلے ہی پی ایچ ای وی ایس یو وی فروخت کر رہی ہے، جب کہ حریف کمپنی ہیول بھی جلد اس شعبے میں شامل ہونے والی ہے۔
پلگ ان ہائبرڈ گاڑیاں پاکستان میں زیادہ عملی آپشن فراہم کرتی ہیں کیوں کہ ملک میں مکمل الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ سٹیشنز کی کمی ہے۔ حکومت نے جنوری میں ای وی چارجنگ سٹیشنز کے لیے بجلی کے نرخ 45 فیصد کم کر دیے تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور نجی چارجنگ سٹیشنز کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔