چینی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی بی وائی ڈی نے ہفتے کو پاکستان میں اپنی لائن اپ میں اضافہ کرتے ہوئے سب کمپیکٹ ایس یو وی آٹو 2 اور لگژری کراس اوور سی لائن 7 کو متعارف کروا دیا۔
آٹو 2 ایک کمپیکٹ سائز کی گاڑی ہے جو شہر میں چلانے کے لیے جدید اور ٹیکنالوجی سے بھرپور الیکٹرک متبادل پیش کرتی ہے۔ اس کی ایکس شوروم قیمت 7,290,000 روپے رکھی گئی ہے۔
گاڑی میں 45.12 kWh کی الٹرا سیو بلیڈ بیٹری نصب ہے، جو کمپنی کے مطابق ایک چارج میں تقریباً 323 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتی ہے۔
یہ فرنٹ وہیل ڈرائیو گاڑی 174 ہارس پاور اور 290 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتی ہے۔
گاڑی میں 12.8 انچ گھومنے والی ٹچ سکرین ایپل کار پلے اور اینڈروئیڈ کی مکمل سپورٹ موجود ہے۔
ڈرائیور سیٹ سیکس وے پاور ایڈجسٹمنٹ ہے جبکہ اس میں کلائمیٹ کنٹرول بھی موجود ہے۔
سیفٹی کے معاملے میں بھی آٹو 2 پیچھے نہیں، اس میں پانچ ایئر بیگ، 360° کیمرہ، ٹریفک سائن ریکگنیشن اور ای بی ڈی/ اے بی ایس جیسے فیچرز شامل ہیں۔
یہ گاڑی آٹو 3 سے چھوٹی ہونے کے باوجود ٹیکنالوجی اور سہولت کے لحاظ سے شہر میں چلانے والوں کے لیے ایک اچھا انتخاب ہو سکتی ہے، جو 14 لاکھ روپے دے کر بک کروائی جا سکتی ہے۔
کمپنی نے آج جو دوسری گاڑی متعارف کروائی ہے وہ ایک لگژری الیکٹرک ایس یو وی سی لائن 7 ہے، جس کی قیمت 15,490,000 روپے (ایکس فیکٹری) رکھی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ گاڑی خاص طور پر لگژری کراس اوور مارکیٹ کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے اور اس کا مقابلہ ہائی اینڈ جرمن ایس یو ویز اور پریمیم جاپانی کراس اوورز سے ہے۔
یہ رئیر وہیل ڈرائیو گاڑی 308 ہارس پاور اور 380 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتی ہے۔
اس کی 82.56 کلو واٹ آور بیٹری کی رینج تقریباً 482 کلومیٹر (ڈبلیو ایل ٹی پی) ہے جو کمپنی کے مطابق صرف 35 سے 30 منٹ میں 10 سے 80 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔
سیفٹی کی بات کی جائے تو اس میں سات ایئر بیگ، 360° کیمرہ، اور ٹریفک سائن ریکگنیشن موجود ہے۔
سی لائن 7 کی بکنگ 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔