امریکی محکمہ خارجہ نے جمعے کو کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بڑے ہوٹلز کو ’ممکنہ خطرے‘ کی اطلاع ملنے کے بعد وہاں امریکہ کے سرکاری اہلکاروں کی آمد و رفت عارضی طور پر محدود کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک سکیورٹی الرٹ میں کہا گیا ’کراچی میں امریکی قونصل خانے کو شہر کے بڑے ہوٹلز کو لاحق خطرے سے متعلق ایک اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد امریکی قونصل خانے نے ان ہوٹلز میں امریکی حکومتی سرکاری اہلکاروں کی آمد و رفت عارضی طور پر محدود کر دی۔‘
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ایسے خطرات کے پیش نظر وہ بعض غیر ملکی مقامات جیسے سیاحتی مراکز، ہوٹلز، بازاروں، شاپنگ مالز اور ریستورانوں کو امریکی سرکاری اہلکاروں کے لیے بند کر دیتا ہے۔
سکیورٹی الرٹ میں عوام کو ہجوم سے بچنے، نمایاں نہ ہونے اور ان مقامات پر چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جہاں مغربی ممالک کے شہری اور سیاح عام طور پر موجود ہوتے ہیں۔
امریکہ نے اس وقت پاکستان کے لیے سفری انتباہ جاری کیا ہوا ہے جس میں امریکی شہریوں کو دہشت گردی اور ممکنہ مسلح تصادم کے خطرات کے باعث سفر پر دوبارہ غور کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔