باجوڑ میں سلارزئی متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ترسیل کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 آج مہمند کے علاقے میں رابطہ منقطع ہونے کے بعد کریش ہو گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کے مطابق باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے کریش کر گیا ہے۔
بیان کے مطابق اس حادثے میں دو پائلٹ سمیت عملے کے پانج افراد جان سے گئے۔
صوبائی حکومت کے بیان کے مطابق کل سوگ کا منانے کا اعلان کیا گیا ہے اور صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
حادثے کی جگہ پر امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کا اس بارے میں اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ خصوصاً ملاکنڈ اور ہزارہ ریجنز میں کلاؤڈ برسٹ اور شدید بارشوں کے باعث بھیانک سیلابی ریلے آئے ہیں، جن کے نتیجے میں مختلف حادثات سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ صوبائی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کے لیے دو ہیلی کاپٹرز تعینات کیے تھے، تاہم ان میں سے ایک ہیلی کاپٹر خراب موسم کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے ہیلی کاپٹر سے فضائی رابطہ منقطع ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہیلی کاپٹر ضلع مہمند کے پنڈیالئ علاقے کے حدود میں پہاڑی کے قریب تھا کہ ان کے ساتھ رابطہ منقطع ہوا ہے۔
ضلع مہمند کے ایک پولیس اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ دور ایک پہاڑی پر آگ نظر آ رہی جہاں پہنچنے میں تقریباً تین گھنٹے لگیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیمیں روانہ کردی گئی ہے لیکن دشوار گزار راستہ ہونے کی وجہ سے پہاڑی پر پہنچنے مین وقت لگے گا۔
خیبر پختونخوا کے روسی ساختہ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو رواں سال فروری میں ایئر ایمبولینس میں تبدیل کرنے کے مںظوری دی گئی تھی جس کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔
ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی سپیڈ 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے اور مختکف ممالک اور خاص کر جنوبی ایشیا کے ممالک میں اس کو ریسکیو اپریشنز میں استعمال کیا جاتا ہے۔
آج صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو باجوڑ جبکہ دوسرا چھوٹے سائز کا ہیلی کاپٹر ریلیف آپریشنز کے لیے بونیر بھیجا گیا تھا۔