لاہور ٹیسٹ کے دوسرے دن تمام 11 وکٹیں سپنرز کے نام

لاہور میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کے 378 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کے 216 رنز پر چھ بیٹرز آؤٹ ہو گئے۔

13 اکتوبر، 2025 کو لاہور میں پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان کے بابر اعظم جنوبی افریقہ بیٹر رائن ریکلٹن کا کیچ پکڑنے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشی منا رہے ہیں (اے ایف پی)

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پیر کو سپنرز کا راج رہا اور پاکستانی بولر نعمان علی نے جنوبی افریقہ کو 216/6 رنز پر محدود کر دیا۔

اگرچہ جنوبی افریقی بیٹر ٹونی ڈی زورزی نے ہمت دکھاتے ہوئے ناقابل شکست 81 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم ان کی یہ کوشش ٹیم کو بڑے خسارے سے نہ بچا سکی۔ 
 
دوسرے دن کے اختتام پر زورزی 81 رنز اور سینورن متهوسامی چھ رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ مہمان ٹیم کو  اب بھی 162 رنز کا خسارہ درپیش ہے۔
 
لاہور کے قذافی سٹیڈیم کی پچ سپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوئی ہے اور آج کی تمام 11 وکٹیں سپنرز کے حصے میں آئیں۔ 
 
متهوسامی نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 117 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی پہلی اننگز 378 رنز پر سمیٹ دی۔
 
پاکستان کی جانب سے آغا سلمان نے 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، جبکہ محمد رضوان نے 75 رنز بنائے۔ 
دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز جوڑے۔ دن کے آغاز پر پاکستان نے 313 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا لیکن اگلی پانچ وکٹیں صرف 16 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔ 

متهوسامی نے دن کے 12ویں اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں، جن میں رضوان، نعمان علی اور ساجد خان شامل تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی اننگز 378 رنز پر ختم ہوئی تو جواب میں جنوبی افریقہ نے 45 رنز بغیر نقصان کے شروعات کی، مگر نعمان نے کپتان ایڈن مارکرم (20) اور ویان ملڈر (17) کو پویلین بھیج کر میچ کا رخ موڑ دیا۔

بعد ازاں رائن ریکلٹن نے 71 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔ انہوں نے زورزی کے ساتھ 94 رنز کی شراکت قائم کی۔ 
 
تاہم آغا سلمان نے ریکلٹن کو بابر اعظم کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ کر کے یہ پارٹنرشپ توڑ دی۔
 
نعمان نے بعد میں ٹرسٹن سٹبز (آٹھ رنز) اور کائل ویریں (دو رنز) کو بھی آؤٹ کیا، جب کہ ساجد نے ڈیوالڈ بریوس کو پہلی ہی گیند پر پویلین بھیج دیا۔
 
دوسرے دن کے اختتام پر میچ پاکستان کے حق میں جھکتا نظر آ رہا ہے۔ تاہم جنوبی افریقہ کو امید ہے کہ زورزی کی مزاحمت تیسرے دن ٹیم کو بہتر پوزیشن میں لا سکتی ہے۔
whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ