امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر ہفتے کو مشترکہ حملے کے ردعمل میں ایران کی جانب سے مختلف خلیجی ممالک میں تنصیبات پر حملوں نے بین الاقوامی سطح پر پروازوں کی ٹریفک کو متاثر کیا ہے۔
بیشتر خلیجی ممالک کی فضائی حدود بند ہیں اور مختلف فضائی کمپنیوں نے خلیجی ممالک کی جانب اپنی پروازیں بند کر دی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات درپیش ہیں۔
فضائی حدود کے ساتھ ساتھ مختلف ہوائی اڈے، جن میں دبئی ایئرپورٹ بھی شامل ہے، سے تمام پروازیں معطل ہیں۔
فضائی کمپنیوں بشمول قطر ایئر ویز، ایمیریٹس، سعودی ایئرلائنز اور اتحاد ایئرویز کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے پرواز کا موجودہ سٹیٹس جاننے کے لیے ایئرلائن سے رابطہ کریں تاکہ مسافروں کو مشکلات نہ ہوں۔
ایئرپورٹ جانے سے پہلے کیا کریں؟
سب سے پہلے اپنی پرواز کی موجودہ صورت حال معلوم کرنے کے لیے متعلقہ ایئرلائن کی ویب سائٹ پر جائیں اور Manage Booking سیکشن میں اپنا بکنگ ریفرنس نمبر درج کر کے فلائٹ سٹیٹس چیک کریں۔
اس کے علاوہ ایک آسان طریقہ یہ بھی ہے کہ اس ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر جائیں، جہاں سے آپ کی پرواز روانہ ہونا ہے۔ وہاں روانگی اور آمد کے سیکشن میں جا کر اپنا فلائٹ نمبر تلاش کریں کیونکہ یہ معلومات مسلسل اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تیسرا طریقہ یہ ہے کہ جس ٹریول ایجنٹ کے ذریعے آپ نے ٹکٹ بک کروایا ہے، روانگی سے پہلے ان سے رابطہ کریں اور اپنی پرواز کی تازہ ترین صورت حال معلوم کریں کیونکہ ٹریول کمپنیوں کو سب سے پہلت ایئرلائن کی جانب سے تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا ہے۔
یہ بات یاد رکھیں کہ ایئرلائن کی ویب سائٹ پر آن لائن فلائٹ سٹیٹس چیک کرتے وقت اگر پرواز کے وقت میں تبدیلی یا تاخیر ظاہر ہو تو ایئرلائن کی جانب سے آنے والےAccept Changes کے پیغام پر فوراً کلک نہ کریں۔
ایسا کرنے کی صورت میں تاخیر کے باعث ملنے والا ممکنہ معاوضہ، مفت کھانا یا طویل تاخیر کی صورت میں ہوٹل رہائش جیسی سہولیات سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اگر ایئرلائن کی ویب سائٹ یا ایئرپورٹ کی ویب سائٹ کسی بھی وجہ سے نہیں کھل رہی ہے، تو مختلف آزاد ویب سائٹ جیسے فلائٹ ریڈار سے آپ اپنی پرواز کا موجودہ سٹیٹس چیک کر سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر فلائٹ ریڈار دنیا بھر میں پروازوں کی آمد اور روانگی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ہے۔ اسی ویب سائٹ یا موبائل ایپ میں جا کر وہاں اپنی پرواز کا نمبر دیجیے اور اسی سے آپ کو پرواز کا موجودہ سٹیٹس مل سکتا ہے۔
ایئر لائن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس
سوشل میڈیا کے دور میں تمام فضائی کمپنیوں کی سماجی رابطوں کے ویب سائٹس پر اکاؤنٹس موجود ہیں۔ یہ اکاؤنٹ فعال بھی ہیں اور آپ کو جواب بھی دیں گے۔
اس صورت میں اگر دیگر ذرائع سے آپ کو پرواز کے حوالے سے تازہ ترین معلومات نہیں مل رہیں تو فضائی کمپنی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جیسے فیس بک یا ایکس پر انباکس میں پیغام بھیجیے اور کمپنی کا نمائندہ آپ سے ضروری معلومات حاصل کر کے آپ کو پرواز کا سٹیٹس بتا دیں گے۔
تاہم خیال رکھیں کہ سوشل میڈیا پر فضائی کمپنی یا کسی کے ساتھ بھی ذاتی معلومات، بینک اکاؤنٹ تفصیلات، پاس ورڈ یا ایسی کوئی نجی معلومات شیئر نہ کریں کیونکہ اس سے آپ کی ڈیجیٹل سکیورٹی متاثر ہو سکتی ہے۔