لبنان پر اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی، امن کے لیے نقصان دہ: پاکستان

لبنان پر اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان نے مشکل وقت میں لبنان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اسرائیل کے لبنان میں بیروت پر 8 اپریل 2026 کو فضائی حملے کے بعد ریسکیو اہلکار تباہ عمارتوں کے درمیان موجود ہیں (اے ایف پی)

پاکستان نے جمعرات کو لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن کی عالمی کوششوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اسرائیلی اقدامات خطے میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا ہ کہ ’پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔

’پاکستان اس مشکل وقت میں لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ اور لبنان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے۔‘

اسرائیل نے بدھ کو امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی لبنان پر تاریخ کے شدید ترین حملے کیے جس میں حکام کے مطابق 250 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

لبنان پر اسرائیل کی جانب سے 10 منٹ میں 100 سے زائد حملوں میں سول ڈیفینس سروس کے مطابق ایک ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اے ایف پی کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بغیر کسی وارننگ کے ہونے والے اسرائیلی حملوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے اموات کے پیمانے کو ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔ 

اسرائیل نے بدھ کو کہا تھا کہ ایران سے ہونے والی جنگ بندی کا اطلاق لبنان پر نہیں ہوتا جبکہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے اعلان میں واضح طور پر لبنان کا ذکر بھی کیا تھا۔

ادھر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے گذشتہ رات ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی اور سعودی وزیر خارجہ نے دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے جنگ بندی کا مکمل احترام اور نفاذ پر زور دیا ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان