جنوبی کوریا: چڑیا گھر سے فرار بھیڑیا ایک ہفتے بعد پکڑا گیا

نیوکو نامی نر بھیڑیا باڑ کے نیچے کی زمین کھود کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا۔

ڈاکٹر جنوبی کوریا کے شہر دے جن کے چڑیا گھر سے فرار کے بعد پکڑے گئے بھیڑے کا معائنہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

جنوبی کوریا کے شہر دے جن کے چڑیا گھر سے فرار ہو کر ایک ہفتے سے زیادہ عرصے تک حکام کو چکمہ دینے والا بھیڑیا جمعے کی رات کو مل گیا اور اسے دوبارہ پکڑ لیا گیا۔

شہری حکومت کے مطابق، نیوکو نامی دو سالہ نر بھیڑیا رات 12 بج کر 44 منٹ پر دے جن میں ہائی وے انٹرچینج کے قریب پکڑا گیا۔

حکام نے بھیڑیے کو قابو کرنے کے لیے جانوروں کے ڈاکٹر کی نگرانی میں بے ہوش کرنے والی بندوق کا استعمال کیا۔

بھیڑیے کو تلاش کرنے میں شامل ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے یون ہاپ کو بتایا: ’ہم نے اسے بحفاظت او ورلڈ منتقل کر دیا ہے۔ وہ اب تک ٹھیک ہے اور ہم ہوش میں آنے تک اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔‘

نیوکو آٹھ اپریل کو ایک باڑ کے نیچے کھدائی کر کے دے جن او ورلڈ سے فرار ہو گیا تھا۔ اس کے فرار ہونے پر مختلف اداروں نے مل کر تلاش شروع کی جس میں تقریباً 300 اہلکار شامل تھے اور اس کی وجہ سے قریب ہی واقع ایک پرائمری سکول بند کرنا پڑا۔

فرار کے بعد کے دنوں میں بھیڑیے کو کئی بار دیکھا گیا لیکن وہ بار بار پکڑے جانے سے بچ نکلا۔ کوریا جونگ انگ ڈیلی نے رپورٹ کیا کہ نیوکو پہلی بار نو اپریل کو ڈرون کی بیٹری تبدیل کرنے کے دوران نظروں سے اوجھل ہوا اور منگل کو چار میٹر اونچی حفاظتی دیوار پھلانگنے اور پکڑنے والے جال سے نکلنے کے بعد دوبارہ سرچ ٹیموں کو چکمہ دے گیا۔

100 سے زیادہ غلط اطلاعات کی وجہ سے تلاش مشکل ہو گئی تھی، جن میں سے کچھ کا تعلق ایڈٹ کی گئی یا اے آئی سے بنی تصاویر سے ہے۔

حتمی آپریشن اس وقت شروع ہوا جب حکام کو جمعرات کو شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے ایک خفیہ اطلاع ملی کہ بھیڑیے کو شہر کے ایک پارک کے قریب دیکھا گیا ہے۔ رات کو تقریباً نو بج کر 54 منٹ پر مشتبہ طور پر نظر آنے والا جانور بجو نکلا، جس سے کوششوں میں تاخیر ہوئی، اور پھر رات تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر انٹرچینج کے قریب نیوکو کا پتہ لگا لیا گیا۔

تلاش کرنے والی ٹیموں نے آدھی رات کے فوراً بعد بے ہوشی کی دوا تیار کرنا شروع کی، رات 12 بج کر 39 منٹ پر بے ہوش کرنے والا ٹیکہ فائر کیا، اور پانچ منٹ بعد اسے پکڑنے کا عمل مکمل کر لیا۔

دوبارہ پکڑے جانے کے بعد، نیوکو کو واپس چڑیا گھر لے جایا گیا، جہاں جانوروں کے ڈاکٹروں کے معائنے سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ اس کی نبض اور جسم کا درجہ حرارت معمول کے مطابق ہے۔ رائٹرز کے مطابق، معائنے کے دوران جانوروں کے ڈاکٹروں نے بھیڑیے کے معدے سے مچھلی پکڑنے والا کانٹا بھی نکالا۔

نیوکو کے فرار ہونے کے بعد چڑیا گھر اور اس سے متصل تھیم پارک بند کر دیے گئے تھے اور انہیں دوبارہ کھلنے میں وقت لگے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھیڑیے کی واپسی کے بعد، دے جن کے میئر لی جنگ وو نے تصدیق کی کہ نیوکو علی الصبح 'آخرکار بحفاظت واپس آ گیا ہے'، اور تلاش میں شامل مقامی لوگوں اور حکام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے عوام میں پائی جانے والی تشویش پر معافی مانگی اور کہا کہ شہر او ورلڈ کو دوبارہ منظم کرنے کے ساتھ ساتھ 'جانوروں کی فلاح و بہبود اور عوامی تحفظ کے لیے اقدامات کرے گا'۔

بھیڑیے کے فرار نے قومی سطح پر توجہ حاصل کر لی تھی۔ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے گذشتہ ہفتے ایکس پر لکھا، 'مجھے امید ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہو گا اور میں دعا کرتا ہوں کہ نیوکو بھی بحفاظت گھر لوٹ آئے۔'

جنوری 2024 میں پیدا ہونے والا نیوکو کورین بھیڑیے کی نسل کو بحال کرنے کے ایک پروگرام کا حصہ ہے، یہ ایک ایسی ذیلی نسل ہے جسے خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے اور جنوبی کوریا کے جنگلات میں اسے عملی طور پر معدوم سمجھا جاتا ہے۔

1997 میں جزیرہ نما پر آخری معلوم جنگلی بھیڑیے کی موت کے بعد، 2008 میں روس سے لائے گئے بھیڑیوں کی مدد سے اس ذیلی نسل کو دوبارہ متعارف کرایا گیا تھا۔

© The Independent

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات