ڈنمارک کے ایک چڑیا گھر نے اپنے عوام سے شکاری جانوروں کے لیے چھوٹے پالتو جانور بطور خوراک عطیہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
آلبورگ چڑیا گھر نے کہا ہے کہ وہ ’جانوروں کی فلاح اور پیشہ ورانہ دیانت داری کے طور پر‘ چڑیا گھر میں موجود جانوروں کے لیے قدرتی غذا چاہتا ہے۔
چڑیا گھر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پالتو جانوروں کو تربیت یافتہ عملہ آرام سے مارے گا۔
شمالی ڈنمارک کے اس چڑیا گھر نے فیس بک پوسٹ میں وضاحت کی ہے کہ ’اگر آپ کے پاس کوئی صحت مند جانور ہے جسے آپ کسی وجہ سے دینا چاہتے ہیں تو بلا جھجھک ہمیں عطیہ کر دیں۔‘
چڑیا گھر نے گنی پگ، خرگوش اور مرغیوں کو ممکنہ عطیات کی مثال کے طور پر پیش کیا۔
چڑیا گھر کے مطابق: ’ان جانوروں کو مارنے کے بعد انہیں خوراک کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ ’اس طرح کچھ بھی ضائع نہیں ہوتا اور ہم اپنے شکاری جانوروں کی قدرتی حرکات، خوراک اور بہبود کو یقینی بناتے ہیں۔‘
پالتو جانور عطیہ کرنے کی اس آن لائن اپیل کے ساتھ ایک جنگلی بلی کی تصویر دی گئی ہے جس نے منہ کھول کر دانت نکالے ہوئے ہیں۔ چڑیا گھر کی ویب سائٹ کا لنک بھی دیا گیا ہے، جہاں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ادارہ گھوڑوں کے عطیے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔
چڑیا گھر سے مزید معلومات کے لیے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔ ادارے نے دیگر پالتو جانور یا حیوانات کو ممکنہ عطیات میں شامل نہیں کیا۔