آسٹریلیا: تربیتی مشق میں پیراشوٹ سے اترنے والے دو فوجیوں کی فضا میں ٹکر، ایک کی موت

آرمی اسپیشل آپریشنز کمانڈر نے بتایا کہ دونوں پیرا ٹروپرز کا مجموعی طور پر ہزاروں پیراشوٹ جمپس کا تجربہ تھا۔ مرنے والے 50 سالہ لاچلن مڈل نے افغانستان سمیت پانچ مختلف تعیناتیوں میں خدمات انجام دیں۔

آسٹریلوی فوج کے مطابق 50 سالہ وارنٹ آفیسر لاچلن مڈل تربیتی مشق میں معاونت کر رہے تھے کہ دوران پرواز ان کا ایک دوسرے پیرا ٹروپر سے فضا میں تصادم ہو گیا (آسٹریلین ڈیفنس فورس)

آسٹریلیا کی فوج کے ایک تجربہ کار پیرا ٹروپر کی تربیتی مشق کے دوران فضا میں دوسرے پیرا ٹروپر سے ٹکر کے نتیجے میں موت ہو گئی جبکہ دوسرا اہلکار معمولی زخمی ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے جروِس بے ایئرفیلڈ میں پیش آیا جہاں تقریباً شام 5 بج کر 40 منٹ پر پیراشوٹ تربیتی سرگرمی جاری تھی۔

آسٹریلوی فوج کے مطابق 50 سالہ وارنٹ آفیسر لاچلن مڈل تربیتی مشق میں معاونت کر رہے تھے کہ دوران پرواز ان کا ایک دوسرے پیرا ٹروپر سے فضا میں تصادم ہو گیا جس کے بعد وہ زمین پر گر کر جان کی بازی ہار گئے۔

آرمی اسپیشل آپریشنز کمانڈر میجر جنرل گارتھ گولڈ نے بتایا کہ دونوں پیرا ٹروپر زمین سے کئی سو فٹ بلندی پر ڈراپ زون کی طرف بڑھ رہے تھے اور اس وقت کم روشنی کے باعث نائٹ وژن چشمے استعمال کیے جا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’دونوں اہلکار دوران پرواز آپس میں ٹکرا گئے جس کے بعد وہ بلندی سے نیچے گرے۔‘

رپورٹس کے مطابق دوسرا فوجی معمولی زخمی ہوا تاہم اسے ہسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

میجر جنرل گارتھ گولڈ نے بتایا کہ دونوں پیرا ٹروپر انتہائی تجربہ کار تھے اور ان کے مجموعی طور پر ہزاروں پیراشوٹ جمپس کا تجربہ تھا۔

لاچلن مڈل نے 1995 میں آسٹریلوی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور اپنی سروس کا بیشتر حصہ اسپیشل ایئر سروس رجمنٹ میں گزارا۔ انہوں نے افغانستان سمیت پانچ مختلف تعیناتیوں میں خدمات انجام دیں۔

آسٹریلوی فوجی حکام کے مطابق مڈل اپنے ساتھیوں میں نہایت محترم سمجھے جاتے تھے اور اپنی حس مزاح اور ملک سے گہری وابستگی کے باعث جانے جاتے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز اور وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے بھی فوجی اہلکار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم البانیز نے کہا کہ یہ حادثہ اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ وطن کا دفاع کرنے والوں کے لیے کوئی دن آسان نہیں ہوتا۔

وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے کہا کہ فوجی تربیت ہمیشہ خطرات سے خالی نہیں ہوتی اور لاچلن مڈل کی قربانی بھی میدان جنگ میں دی جانے والی قربانیوں جتنی اہم ہے۔

واقعے کے بعد آسٹریلوی فوج نے تحقیقات مکمل ہونے تک تمام پیراشوٹ تربیتی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔

میجر جنرل گارتھ گولڈ نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد اگر تربیتی عمل محفوظ قرار پایا تو سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں گی تاہم مکمل تحقیقات میں کئی ماہ یا سال بھی لگ سکتے ہیں۔

یہ گذشتہ دو برسوں میں آسٹریلوی فوج میں پیراشوٹ سے متعلق دوسرا مہلک حادثہ ہے۔ اس سے قبل 2024 میں لانس کارپورل جیک فٹزگبن بھی سڈنی میں ایک پیراشوٹ حادثے میں جان سے گئے تھے۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا