لبنان کی وزارت صحت نے اتوار کو بتایا کہ بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں دو افراد جان سے گئے جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا ’اسرائیلی دشمن کے بیروت کے جنوبی مضافات کے علاقے مرئیجہ پر فضائی حملے کے نتیجے میں دو شہید اور 20 زخمی ہوئے، جن میں چار بچے اور چار خواتین شامل ہیں۔‘
حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے اتوار کو شمالی اسرائیل میں ایک فوجی چوکی پر ڈرون حملہ کیا ہے۔
اسرائیل نے تازہ حملہ واشنگٹن کی حمایت سے ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے چند دن بعد کیا۔
یہ حملہ امریکی درخواست کے باوجود کیا گیا، جس میں لبنان کے دارالحکومت کو نشانہ نہ بنانے کی بات کی گئی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایران نے خبردار کیا ہے کہ بیروت پر حملہ مشرق وسطیٰ میں مکمل جنگ کو دوبارہ بھڑکا سکتا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے میں لبنان میں جنگ کا خاتمہ بھی شامل ہونا چاہیے۔
ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی بحری ناکہ بندی اور اسرائیل کو مبینہ گرین سگنل دینا خطے میں امریکی اور اسرائیلی اڈوں کو جائز اہداف بنا دیتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، تاہم ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ بیروت پر حملہ غیر متوقع نہیں تھا، البتہ امریکہ کو اس سے پہلے آگاہ کیا گیا تھا یا نہیں، اس پر وہ بات نہیں کر سکتے۔