پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے مالدیپ میں 2026 ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے پر پاکستان کی فٹ بال ٹیم کو دلی مبارک باد ہے۔
وزیر اعظم دفتر کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے والے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ’فائنل میں افغانستان کے خلاف ان کی شاندار فتح پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کا سبب بنی ہے۔ ہم اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے مستقبل میں بھی مسلسل کامیابیوں کی نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی فٹ بال ٹیم نے شاندار کھیل، عزم اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا باضابطہ بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ ٹائٹل ہے، جو قومی کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی فٹبال ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ کامیابیاں سمیٹتے ہوئے پاکستان کا پرچم بلند رکھے گی
قبل ازیں پاکستان کی فٹ بال ٹیم نے مالدیپ میں کھیلے گئے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میں افغانستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 سال بعد ملکی تاریخ کا پہلا باقاعدہ بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ جیت کر نئی تاریخ رقم کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس تاریخی فائنل میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔ پاکستانی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔
گرین شرٹس نے گروپ مرحلے میں بنگلہ دیش سے میچ ڈرا کھیلا، میزبان مالدیپ کو 0-3 سے ہرایا اور افغانستان کو گروپ میچ اور فائنل دونوں میں 0-2 سے شکست دی۔ یہ پاکستان کی فٹبال تاریخ کا پہلا باقاعدہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ ٹائٹل ہے ۔
اس سے قبل پاکستان 1952 میں بھارت کے ساتھ مشترکہ فاتح رہا تھا، جبکہ 1962 کے مردیکا کپ (ملائشیا) میں ٹیم رنرز اپ رہی تھی۔