امن کوششوں میں سعودی عرب کی حمایت پر ولی عہد کا شکریہ: وزیر اعظم پاکستان
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کی رات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں تاریخی اسلام آباد امن معاہدے، علاقائی امن اور پاک سعودی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Held a warm and most cordial telephone conversation with my dear brother, His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman, this evening.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 19, 2026
I thanked His Royal Highness for the Kingdom of Saudi Arabia’s steadfast support for Pakistan’s peace efforts and congratulated him on the…
وزیراعظم نے ایکس پوسٹ میں پاکستان کی امن کوششوں میں سعودی عرب کی حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے مذاکرات کے اگلے مرحلے میں سفارت کاری اور مکالمے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان سعودی تعلقات کی موجودہ بہترین صورت حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
امید ہے مذاکرات کا اگلا مرحلہ کامیابی سے آگے بڑھے گا: اسحاق ڈار کی عباس عراقچی سے گفتگو
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان جمعے کو ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات اورعلاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے اس موقو پر ایران کی قیادت اور عوام کو امریکہ کے ساتھ تاریخی ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کرنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ کامیابی سے آگے بڑھے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی مسلسل اور مثبت ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس کردار پر شکریہ ادا کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے 30 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
گفتگو میں دونوں ممالک نے باہمی روابط جاری رکھنے اور قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
اسرائیل کا لبنان میں جنگ بندی پر اتفاق: روئٹرز
خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ نے جمعے کی شام سے شروع ہونے والی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
ایک سینیئر امریکی اہلکار نے روئٹرز کو بتایا ہے کہ ’حزب اللہ اور اسرائیل نے جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔‘
جمعے کو ہی اس سیز فائر کی رپورٹ سے پہلے لبنان کے شہر بعلبک کے مضافاتی علاقوں پر اسرائیل نے متعدد حملے کیے جن میں 18 افراد جان سے گئے نیز اسرائیل کے وزیر دفاع نے ایکس پر یہ بھی کہا کہ اسرائیلی فوج لبنان میں ساحلی علاقے سے لے کر قلعہ شقیف تک قائم سکیورٹی زون میں موجود رہے گی۔
وزیر اعظم کا پیٹرول کی قیمتوں میں 74 اور ڈیزل 67 روپے کمی کا اعلان
حکومت نے جمعے کو پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر بڑی کمی کا اعلان کر دیا جس کے بعد نئی قیمتیں بالترتیب 299 اور 311 روپے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں معاشی بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کے مطابق مشکل حالات میں عوام نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جس پر حکومت ان کی شکر گزار ہے۔
بیان کے مطابق حکومت نے بحران کے دوران ترقیاتی بجٹ میں کفایت شعاری اور دیگر بچتوں سے 129 ارب روپے استعمال کر کے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دیگر ممالک کے برعکس پاکستان میں نہ تو ایندھن کی قلت پیدا ہوئی اور نہ ہی طویل قطاریں لگیں، جو حکومتی حکمت عملی کی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے اور پاکستان کی ثالثی کے باعث خطے میں امن قائم ہوا، جس کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔
وزیراعظم نے معاشی ٹیم اور حکومتی عہدیداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ بھی مہنگائی میں کمی اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔
آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہازوں کو اسلام آباد معاہدے کے تحت 60 دن تک مفت رسائی
ایران نے جمعے کو کہا ہے کہ آبنائے ہرمز عبور کرنے والے جہازوں کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت 60 دن تک رسائی حاصل ہو گی تاہم جہازوں کو اس کے لیے کم از کم 48 گھنٹے قبل ایرانی اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
اسلام آباد کے بعد ایران کی پرشین گلف سٹریٹ اتھارٹی (پی جی ایس اے) کی جانب سے ایکس پر جاری نوٹس کے مطابق یہ اقدام اسلام آباد ایم او یو کے بعد کیا گیا ہے جس کا مقصد آبنائے ہرمز میں جہازوں کی محفوظ اور منظم آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جو جہاز مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی درخواستیں جمع کرائیں گے، انہیں فوری طور پر گزرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹ اور ای میل کو ہی مستند ذرائع قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اتھارٹی نے واضح کیا کہ تمام جہاز مالکان کو اپنی مکمل اور درست معلومات فراہم کرنا ہوں گی، بصورت دیگر تاخیر یا دیگر مسائل کی ذمہ داری خود ان پر عائد ہوگی۔
مزید برآں، نوٹس میں بتایا گیا کہ آئندہ 60 دنوں کے دوران سکیورٹی، سیفٹی اور ماحولیاتی خدمات کی فیس کے ساتھ ایرانی انشورنس چارجز بھی جہاز مالکان سے وصول نہیں کیے جائیں گے بلکہ یہ اخراجات ایرانی حکومت خود برداشت کرے گی۔
اتھارٹی نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کے بعض علاقوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی کے باعث جہازوں کے لیے مقررہ راستوں اور شیڈول کی پابندی لازمی ہوگی تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔
بیان کے مطابق مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں کسی بھی نقصان یا تاخیر کی ذمہ داری جہاز کے مالک پر عائد ہوگی۔