برازیل نے سکاٹ لینڈ کی کمزور دفاعی لائن کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بدھ کو ورلڈ کپ کے آخری 32 مرحلے تک رسائی حاصل کر لی جبکہ جنوبی افریقہ، کینیڈا اور بوسنیا-ہرزیگووینا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پانچ بار کے عالمی چیمپیئن برازیل نے میامی میں سکاٹ لینڈ کو تین - صفر سے شکست دے کر گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
وہ گول اوسط کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر آنے والے مراکش سے آگے ہے، جس نے اٹلانٹا میں ہیٹی کو چار - دو سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔
جنوبی افریقہ نے مونتری میں جنوبی کوریا کو ایک - صفر سے حیران کن شکست دے کر گروپ اے میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور اب آخری 32 میں اس کا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا، جس نے بھی گروپ بی میں دوسرے نمبر پر رہ کر تاریخ رقم کی۔
تاہم ہارڈ راک سٹیڈیم میں برازیل کی جیت نے سکاٹ لینڈ کو باہر کر دیا، جس سے مشہور ’ٹارٹن آرمی‘ کے پرجوش مداحوں کا جوش ماند پڑ گیا۔
سکاٹ لینڈ کو اپنی کمزور دفاعی کارکردگی پر افسوس رہا کیونکہ برازیل نے باآسانی فتح حاصل کی۔
ونیسیئس جونیئر نے برازیل کے لیے دو گول کیے۔ انہوں نے ساتویں منٹ میں سکاٹ مک کینا کی بڑی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو برتری دلائی۔
ریئل میڈرڈ کے سٹرائیکر نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول بھی کیا جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سٹرائیکر ماتھیس کنہا نے 60 ویں منٹ میں تیسرا گول کر کے کامیابی کو یقینی بنا دیا۔
اس فتح کے دوران کوچ کارلو انجیلوٹی نے تجربہ کار سٹرائیکر نیمار کو بھی اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار میدان میں اتارا، جو برازیل کے تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور دوسرے ہاف میں بطور متبادل شامل ہوئے۔
انجیلوٹی نے بعد میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہم نے بحیثیت مجموعی ٹیم کھیل پیش کیا اور یہ ایک اچھی بات ہے۔ بہت سی مثبت چیزیں ہیں، جیسے نیمار کی واپسی، جو ہماری مدد کر سکتی ہے۔‘
جنوبی افریقہ کا بڑا اپ سیٹ
دن کا سب سے بڑا سرپرائز مونتری میں دیکھنے میں آیا جہاں جنوبی افریقہ نے، جو ٹورنامنٹ کے آغاز میں میکسیکو سے دو- صفر کی مایوس کن شکست کے ساتھ باہر ہوا تھا، مضبوط سمجھے جانے والے جنوبی کوریا کو ایک - صفر سے شکست دے دی۔
تھیپیلو میسیکو کے 63ویں منٹ کے گول نے ایک محتاط مقابلے کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ تین سابقہ ورلڈ کپ مہمات میں ابتدائی مرحلے میں باہر ہونے کے بعد پہلی بار آگے بڑھا۔
جنوبی افریقہ کے کوچ ہیوگو بروس نے کہا ’یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ کیسا محسوس ہو رہا ہے۔ یہ ایک شاندار تجربہ ہے۔ ہم نے گول کیا، پھر 20 منٹ دل زور سے دھڑکتا رہا اور ہم چاہتے تھے کہ میچ جلد ختم ہو جائے۔‘
جنوبی افریقہ اب اتوار کو لاس اینجلس میں ورلڈ کپ کے شریک میزبان کینیڈا کے خلاف ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ میں کھیلے گا۔
کینیڈا نے بدھ کو وینکوور میں سوئٹزرلینڈ سے دو - ایک سے ہار کے باوجود گروپ بی میں دوسرے نمبر پر رہ کر تاریخ میں پہلی بار دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کینیڈا نے گول اوسط کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر آنے والے بوسنیا-ہرزیگووینا کو پیچھے چھوڑا، جس نے قطر کو تین - ایک سے شکست دی۔
بعدازاں بدھ کی شب بوسنیا نے بھی جشن منایا جب فیفا نے تصدیق کی کہ وہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی آٹھ بہترین ٹیموں میں شامل ہو کر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔
اس کے چار پوائنٹس اسے پہلی بار اگلے مرحلے میں لے جانے کے لیے کافی ثابت ہوئے۔
دن کے دوسرے میچ میں میکسیکو نے، جو پہلے ہی گروپ اے میں دو ابتدائی فتوحات کے ساتھ سرفہرست پوزیشن حاصل کر چکا تھا، ایسٹاڈیو ایزٹیکا میں جمہوریہ چیک کو تین - صفر سے شکست دے کر گروپ مرحلے کا اختتام سو فیصد کامیابی کے ساتھ کیا۔
میکسیکو اب 30 جون کو اسی سٹیڈیم میں آخری 32 کے میچ میں حصہ لے گا جبکہ چیک ٹیم گروپ میں آخری پوزیشن پر آنے کے بعد وطن واپس لوٹ گئی۔
ماتیو شاویز نے 55ویں منٹ میں میکسیکو کو برتری دلائی جبکہ چھ منٹ بعد ہیولیان کینونیس نے چیک دفاع کی بے ترتیبی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرا گول کر دیا۔
اضافی وقت کے چوتھے منٹ میں الوارو فیدالگو نے ایک شاندار گول کر کے میکسیکو کی فتح کو یادگار بنا دیا۔
میکسیکو نے دوسرے ہاف میں گول کیپر گیلرمو اوچوا کو بھی بطور متبادل میدان میں اتارا، جس سے انہیں 40 سال کی عمر میں چھٹے ورلڈ کپ فائنلز میں شرکت کا اعزاز حاصل ہوا۔