مقبوضہ مغربی کنارہ: اسرائیلی آباد کاروں کے ہاتھوں 2 مساجد نذر آتش

فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم 1,097 فلسطینی اسرائیلی فوج یا آبادکاروں کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق یہودی آباد کاروں نے اتوار کی صبح کو مقبوضہ مغربی کنارے میں دو مساجد کو ںذر آتش کر دیا۔

سات اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد سے اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

نابلس شہر کے جنوب میں واقع قصبے قصرا کے میئر عبدالعظیم وادی نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہودی آبادکاروں نے قصبے کے جنوبی حصے میں زیرِ تعمیر مسجد کو آگ لگا دی۔

عبدالعظیم وادی کے مطابق: ’آگ نے مسجد کے داخلی حصے کو تباہ کر دیا اور اس کے پتھر سے بنے اندرونی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آوروں نے مسجد کی دیواروں پر عبرانی زبان میں جارحانہ الفاظ تحریر کیے جن میں ’بدلہ‘ لفظ بھی شامل تھا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ مسجد کو آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد اہلکاروں کو علاقے میں بھیجا گیا۔

فوج کے مطابق: ’اہلکاروں نے موقع پر پہنچنے سے پہلے فرار ہونے والے مشتبہ افراد کی تلاش کی اور جائے وقوعہ پر آگ لگانے اور گرافٹی کے شواہد دیکھے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی پولیس واقعے کی تحقیقات کرے گی اور شواہد جمع کرے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک علیحدہ واقعے میں، فلسطینی وزارت اوقاف و مذہبی امور کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے طولکرم کے قریب ایک گاؤں میں ایک مسجد کو آگ لگا دی اور اس کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے بھی لکھے۔

وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ ’یہودی آبادکاروں کے گروہوں نے طولکرم گورنریٹ کے گاؤں کور میں مسجد کو جلا دیا اور اس کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے تحریر کیے۔‘

جمعے کو ایک اور گاؤں میں اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن میں چار فلسطینی اور دو اسرائیلی مارے گئے۔

اسرائیلی فوج نے نابلس شہر اور اس کے قریبی قصبوں پر چھاپے مارے اور درجنوں فلسطینیوں کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’انسداد دہشت گردی‘ کی کارروائی قرار دیا۔

ہفتے کو مقبوضہ مغربی کنارے میں زندگی تقریباً مفلوج ہو گئی، جبکہ ایندھن کی قلت کے باعث پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔

فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم 1,097 فلسطینی اسرائیلی فوج یا آبادکاروں کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔

مشرقی بیت المقدس کو شامل کیے بغیر مغربی کنارے میں تقریباً 30 لاکھ فلسطینی آباد ہیں جبکہ پانچ لاکھ سے زائد اسرائیلی ایسے یہودی بستیوں میں رہتے ہیں جو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی سمجھی جاتی ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا