خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس کا بدھ کو کہنا ہے کہ خزینہ چیک پوسٹ پر عسکریت پسندوں کے حملے میں مقابلے کے دوران آٹھ پولیس اہلکار جان سے گئے ہیں جبکہ 27 زخمی ہوگئے ہیں۔
ہنگو پولیس ترجمان ثاقب ذکریا نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جان سے جانے والوں میں ڈی ایس پی دیار خان بھی شامل ہیں جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین زخمی ہے جن کو پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہنگو پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’خزینہ چیک پوسٹ میں آج ہونے والے حملے کے بعد پولیس گذشتہ چار گھنٹوں سے انتہائی بہادری اور پیشہ ورانہ انداز میں دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔‘
بیان کے مطابق: ’پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد دہشت گرد زخمی ہوئے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق: ’دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہنگو پولیس، سی ٹی ڈی اور ٹل سکاؤٹس نے دہشت گردوں کا گھیراؤ کر رکھا ہے، جبکہ علاقے میں آپریشن بدستور جاری ہے۔‘
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔