کراچی: پانی چوری کے خلاف قائم پولیس سٹیشن کتنا موثر؟

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف سکیورٹی آفیسر جواد علی شاہ کے مطابق یہ ایک خصوصی نوعیت کا پولیس سٹیشن ہے جہاں صرف پانی چوری سے متعلق مقدمات درج کیے جائیں گے۔

کراچی میں پانی کی قلت، غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور ٹینکر مافیا کا مسئلہ برسوں سے شہریوں کے لیے درد سر بنا ہوا ہے، اس مسئلے کے حل کے لیے شہر میں اب پانی چوری روکنے کے لیے ایک خصوصی پولیس سٹیشن قائم کیا گیا ہے۔

اس سٹیشن میں صرف پانی چوری اور اس سے متعلق جرائم کے مقدمات درج اور ان کی تفتیش کی جائے گی۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی) نے نو جولائی کو اس خصوصی پولیس سٹیشن کا آغاز کیا، جس کا افتتاح میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کیا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف سکیورٹی آفیسر جواد علی شاہ کے مطابق ’عام تھانوں میں ایسے مقدمات دیگر جرائم کے ساتھ چلتے ہیں، جس سے کارروائی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔

’اس خصوصی پولیس سٹیشن کے قیام سے ایف آئی آر کے اندراج، تفتیش اور قانونی کارروائی کا عمل تیز ہوگا۔‘

ان کے مطابق پانی چوری کی زیادہ تر اطلاعات خود شہری فراہم کرتے ہیں کیونکہ اس جرم کا براہ راست اثر انہی پر پڑتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شہریوں کی شکایات موصول ہونے پر واٹر کارپوریشن کی سکیورٹی ٹیم پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی جاتی ہے۔

جواد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر غیر قانونی ہائیڈرنٹ یا کنکشن کے خاتمے سے چوری ہونے والا پانی دوبارہ قانونی صارفین تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔

خصوصی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او سرفراز جتوئی کے مطابق رواں سال اب تک پانی چوری سے متعلق 49 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

ان کے مطابق کارروائی کے دوران غیر قانونی ہائیڈرنٹس، واٹر ٹینکرز، موٹرز، جنریٹرز، پائپس اور دیگر سامان بطور کیس پراپرٹی قبضے میں لیا جاتا ہے۔

بعد ازاں مقدمہ درج کر کے تفتیش مکمل ہونے پر چالان واٹر ٹریبونل میں پیش کیا جاتا ہے۔

واٹر کارپوریشن حکام کو امید ہے کہ خصوصی پولیس سٹیشن کے قیام سے پانی چوری کے مقدمات پر تیز رفتار کارروائی ممکن ہوگی اور غیر قانونی نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر قانونی اقدامات کے ذریعے شہریوں کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان