بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نے اتوار کو کوئلے کی کانوں میں کام کرنے کے لیے جانے والے 11 مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
کوہلو کے علاقے ہوسٹری کے ایس ایچ او انور کھتران نے بتایا کہ اتوار کی صبح ایک پک اپ گاڑی میں سوار 11 مزدور کام کے سلسلے میں چمالنگ سے دکی جا رہے تھے کہ ہوسٹری سے تقریباً تین کلومیٹر دور مسلح افراد نے انہیں اغوا کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ مسلح افراد مزدوروں کو کچھ فاصلے پر لے گئے، جہاں انہیں گاڑی سے اتار کر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا،
انور کھتران کے مطابق تمام مزدور چمالنگ کی کوئلے کی کانوں میں کام کرتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقتولین میں سے دو کا تعلق دکی سے ہے جبکہ باقی نو کی شناخت کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تاحال کسی نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب ہفتے کو نوشکی سے بھی کم از کم 10 مزدور لاپتہ ہوئے تھے، جن کے بارے میں تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
کوہلو، دکی اور چمالنگ کے گردونواح میں ماضی میں بھی کوئلے کی کانوں، کان کنوں اور معدنیات کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
اکتوبر 2024 میں دکی میں مسلح افراد نے کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی رہائش گاہوں پر حملہ کر کے کم از کم 21 کان کنوں کو قتل اور چھ کو زخمی کر دیا تھا۔
اس حملے میں مسلح افراد نے رہائشی کمروں پر راکٹ اور دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کی تھی، جبکہ متعدد کانوں اور مشینری کو بھی تباہ کر دیا تھا۔
اسی طرح نومبر 2024 میں چمالنگ میں مسلح افراد نے کوئلے سے لدے تین ٹرکوں کو آگ لگا دی تھی۔