شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع

وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ آج ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال جدہ کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی نے کیا۔

جدہ پہنچنے پر مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشال بن عبدالعزیز، سعودی عرب کے وزیرِ زراعت، پانی و ماحولیات انجینیئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور اعلی سفارتی حکام نے وزیراعظم وپاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔

وزیرِ اعظم کی دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آلسعود کے ساتھ ملاقات ہو گی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

ملاقات میں پاکستان سعودی تعاون، تجارت، معیشت اور باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

وزیراعظم اپنے قیام کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات، باہمی اعتماد اور بھائی چارے کا مظہر ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون، سیاسی روابط اور علاقائی و بین الاقوامی امور میں ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

پاکستان اور سعودی عرب نے گذشتہ سال سٹریٹیجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے جب کہ اسلام آباد مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار بھی ادا کر رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا