امریکہ کا پشاور میں قونصل خانہ بند ہو چکا ہے تاہم اس کے آخری قونصل جنرل تھامس ایکرٹ کا کہنا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہیں کہ ان کے ملک کی خیبرپختونخوا میں دلچسپی ختم ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان انٹرنیشنل ہومن رائٹس آرگنائزیشن اور انٹرنیشنل ریسرچ کونسل فار ریلیجس آفیرز کی جانب سے الوداعی ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قونصلر خدمات، تجارتی اور کاروباری تعلقات کے فروغ، سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور خیبر پختونخوا اور پورے پاکستان کے عوام کے ساتھ شراکت داری استوار کرنے کی ہماری سفارتی کوششوں جاری رہیں گی۔
پشاور میں بندش کے بعد خیبر پختونخوا کے ساتھ سفارتی روابط کی ذمہ داری اب امریکی سفارت خانہ اسلام آباد کو منتقل کر دی گئی ہے۔
تھامس ایکرٹ امریکی محکمہ خارجہ کےسینیئر کیریر ممبر ہیں اور اپریل 2003 سے محکمہ خارجہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اپنے 22 سالہ کیریئر کے دوران وہ گبون، ویت نام، برما اور قبرص میں تعینات رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے دو مرتبہ بغداد، عراق، میں خدمات انجام دیں جہاں انہوں نے 2011 میں تمام حفاظتی آپریشنز کی نگرانی کی اور 2019 میں بغدادسفارت خانے کی سکیورٹی فورسز کی قیادت کی۔
انہوں نے کابل، افغانستان، میں دو عارضی ڈیوٹی اسائنمنٹس کے لیے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے اس وقت کے صدر حامد کرزئی کے تحفظ کو یقینی بنایا تھا۔
پاکستانی شلوار قمیض اور کوٹ میں ملبوس تھامس کافی خوشگوار موڈ میں دکھائی دیے۔ انہوں نے پشاور میں ستمبر 2025 سے اپنے قیام کے دوران وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور ملن ساری کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تھامس نے مختلف محکموں کی ایک مشترکہ ٹیم کی بھی ماضی میں قیادت کی جو مشرق وسطیٰ کے علاقے میں امریکی شہریوں اور سفارتی عملے کے انخلاء سے متعلق خدمات مین معاونت فراہم کرتی تھی۔ اپنے کیریئر کے دوران تھامس نے بغداد میں 2019–2020 میں سفارت خانے پر بار بار حملوں کے دوران وہاں تعینات سکیورٹی فورسز میں 900 سے زائد اہلکاروں کی نگرانی کی۔ تھامس نے قبرص میں عارضی طور پر ناظم الامور کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں ہیں۔
فلاڈیلفیا، پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والے ٹام شادی شدہ ہیں اور کٹزٹاؤن یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں بیچلر کی ڈگری رکھتے ہیں۔ ان کی اگلی تعیناتی لندن میں کی گئی ہے۔
پی آئی ایچ آر او کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی اور ریسرچ کونسل کے محمد اسرار مدنی نے اپنی تقاریر میں تھامس کے کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا حکومت کے سابق ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف، باچا خان عبدالغفار خان کے پڑپوتے، اور خان عبدالولی خان اور بیگم نسیم ولی خان کے پوتے لونگین خان، گلگت بلستان کے وزیر برائے ماحولیات راجہ ناصر علی خان، اسلام آباد پریس کلب کے عہدیدار اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔