پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو کہا ہے کہ اسلام آباد امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع ختم کرنے کے لیے مذاکرات کے حوالے سے رابطے میں ہے اور اسے مثبت امید ہے کہ دونوں ممالک ’مذاکرات کی میز پر واپس آئیں گے‘۔
معمول کی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر، کے گذشتہ ماہ تہران کے دورے سے آبنائے ہرمز کے معاملے پر ’نمایاں پیش رفت‘ ہوئی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو تہران کا دورہ کیا تھا جس کے بارے میں پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ دورہ اسلام آباد کی جانب سے امریکی، ایران تنازعے کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں کے لیے جاری سفارتی کاوشوں کا حصہ تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ’ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ صورت حال کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور مسلسل سفارتی رابطوں کا تقاضا کرتی ہے اور ہم تمام فریقوں پر زور دیتے رہیں گے کہ وہ اسی جانب میں پیش رفت کریں۔‘
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ جوائن یہاں کریں
پاکستان کا موقف ہے کہ اسلام آباد، واشنگٹن اور تہران کے درمیان اختلافات ختم کرنے میں کی مخلصانہ اور تعمیری کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات تاحال تعطل کا شکار ہیں۔
تہران نے اہم آبنائے ہرمز کو جزوی طور پر بند رکھا ہوا ہے جبکہ واشنگٹن ایران کی بحری ناکہ بندی کے جواب میں اپنی بحری کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان کئی ہفتوں ایک دوسرے پر حملوں میں غیر اعلانیہ تعطل کے بعد ایک بار پھر براہ راست فوجی جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں، امریکی افواج نے ایران میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں تہران نے بھی میزائل اور ڈرون حملے کیے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق تازہ فضائی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے فضائی دفاعی نظام، ریڈارز، بحری اثاثوں، بارودی سرنگیں بچھانے کی صلاحیتوں اور مواصلاتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا ہے۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور خطے میں تعینات امریکی فوجیوں کے خلاف ایران کی جانب سے مبینہ حملوں کی کوششوں کے جواب میں کی گئی۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کا مکہ دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
مکہ دفاعی معاہدے پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے اور اجتماعی دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے دفاعی صنعت میں تعاون، مشترکہ ٹیکنالوجی کی تیاری اور دفاعی مصنوعات کی مشترکہ پیداوار کو بھی فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
’اس تعاون کا مقصد تینوں ممالک کی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا اور علاقائی امن و استحکام میں کردار ادا کرنا ہے۔‘