تین روز سے لاپتہ برطانوی ٹریل رنر ایلیکس کی لاش سرن وادی سے برآمد

آئرش برطانوی شہری ایلیکس مانسہرہ کی سرن وادی میں 13 ہزار فٹ سے بلند ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ سے واپسی پر 29 اگست کو لاپتہ ہو گئے تھے جن کی تلاش کے لیے تین دنوں سے سرچ آپریشن جاری تھا۔

ایلیکس تجربہ کار ٹریل رنر تھے پہاڑوں سے عشق تھا (مارگلہ ٹریل رنز)

خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی سرن وادی میں 13 ہزار فٹ سے بلند ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ سے واپسی پر 29 اگست کو لاپتہ ہونے والے آئرش برطانوی شہری ایلیکس کی لاش بدھ کو برآمد ہو گئی۔

خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کی پولیس کے مطابق تین دن سے لاپتہ الیکس کی لاش سرن وادی کے نیچے کھائی سے برآمد ہوئی۔

مانسہرہ پولیس کے ترجمان سہیل قریشی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ الیکس اپنے ساتھی کے ساتھ موسیٰ کا مصلٰی چوٹی سر کرنے گئے تھے اور راستے میں ان کا ساتھی واپس آ گیا تھا لیکن الیکس لاپتہ ہو گئے تھے۔

سہیل قریشی نے بتایا: ’ایلیکس کی لاش پراچہ کھٹک سے ملی ہے۔ جس دن وہ لاپتہ ہوئے تھے، اس دن دھند اور بارش کی وجہ سے ممکنہ طور پر راستہ بھٹک کر کھائی میں گر گئے تھے۔‘

سہیل قریشی کے مطابق پولیس جائے وقوعہ سے ایلیکس لاش نیچے لا رہی ہے۔

اس سے قبل ضلعی پولیس سربراہ (ڈی پی او) مانسہرہ محمد اظہر خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ ایلیکس ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ پر ٹریکنگ کے بعد واپسی کے دوران لاپتہ ہو گئے تھے۔

مانسہرہ پولیس کے مطابق ایلیکس کی تلاش کے لیے مانسہرہ پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے اضافی افسران و اہلکار مختلف ٹیموں کی صورت میں دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور جنگلات میں سرچ آپریشن کیا۔

پولیس کے مطابق سرچ ٹیموں نے مختلف ممکنہ راستوں، پہاڑی مقامات اور جنگلات میں مسلسل تلاش کی جبکہ بالاکوٹ اور شنکیاری پولیس بھی اپنے اپنے علاقوں میں سرچ آپریشن کر رہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دشوار گزار جغرافیہ، گھنے جنگلات اور نامساعد موسمی حالات کے باعث سرچ ٹیموں کو مشکلات کا سامنا تھا۔

’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ کہاں واقع ہے؟

کے ٹو کلائمبرز نامی تنظیم کے مطابق ’موسیٰ مصلیٰ ٹاپ‘ مانسہرہ کی سرن وادی میں واقع 13 ہزار فٹ سے بلند پہاڑی چوٹی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تنظیم کے مطابق مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ چوٹی کا نام موسیٰ نامی ایک چرواہے کے نام پر رکھا گیا جو وہاں جا کر نماز پڑھتے تھے، جبکہ چوٹی کی شکل مصلے جیسی ہونے کی وجہ سے اسے ’موسیٰ کا مصلہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

تنظیم کے مطابق مقامی لوگ اس چوٹی کو مقدس بھی سمجھتے ہیں کیونکہ ماضی میں چرواہے یہاں جا کر عبادت کیا کرتے تھے۔

ایلیکس کون تھے؟

اسلام آباد میں قائم ’مارگلہ ٹریل رنرز‘ کمیونٹی کے مطابق ایلیکس تجربہ کار ٹریل رنر تھے جنہیں پہاڑوں سے عشق تھا۔

کراچی میں مقیم صحافی حنین امین، جو ایلیکس کو جانتے ہیں، نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ایلیکس اسلام آباد میں مقیم اور ٹریکنگ کے شوقین تھے۔

انہوں نے بتایا، ’ایلیکس اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیم ایڈم سمتھ انٹرنیشنل کے ساتھ کام کرتے تھے اور ملازمت کے ساتھ ساتھ ٹریکنگ ان کا مشغلہ تھا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان