11 سال بعد مالدیپ کے صدر کا دورہ پاکستان، تجارت اور سرمایہ کاری پر مذاکرات متوقع

صدر محمد معیزو 20 سے 22  اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

مالدیپ کے ایوان صدر کی جانب سے 3 مئی، 2025 کو جاری کی گئی اس تصویر میں صدر محمد معیزو دارالحکومت مالے میں ایک طویل پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں(اے ایف پی)

پاکستان کی وزارت خارجہ نے اتوار کو بتایا کہ مالدیپ کے صدر محمد معیزو دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے آئندہ ہفتے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

دفتر خارجہ نے اتوار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ  دورے کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو خصوصی اہمیت حاصل ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ سفارتی تعلقات قائم ہیں، جن کا آغاز جولائی 1966 میں ہوا تھا۔ یہ تعلقات اسلامی بھائی چارے اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون(سارک) جیسے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز میں دونوں ممالک کی مشترکہ شرکت پر مبنی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

صدر محمد معیزو وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر20  سے 22  اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ان کے ہمراہ مالدیپ کی خاتون اول ساجدہ محمد اور کابینہ کے وزرا و اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا: ’صدر محمد معیزو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ محدود سطح پر اور وفود کی سطح پر بھی مذاکرات کریں گے۔

’دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، سیاحت، زراعت، دفاع، بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی سطح پر روابط کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کریں گے۔‘

دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی حالات و پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم بھی منعقد ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط بڑھانا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

دورے کے دوران دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں سے متعلق متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہونے کی توقع ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق یہ گیارہ سال بعد مالدیپ کے کسی صدر کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

یہ دورہ اس لیے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کہ دونوں ممالک 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا: ’یہ دورہ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی نئی راہیں کھولنے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان