سرفراز کو ہٹانے کے بعد ’ڈانس‘ کی ٹویٹ پر پی سی بی کی معذرت

پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتانی کی ذمہ داریاں واپس لینے کے اعلان کے چند لمحوں بعد ٹوئٹر پر کھلاڑیوں کے ڈانس کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کیے جانے کو صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں سرفراز احمد کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ ان کی ناقص کارکردگی بتائی گئی تھی۔ (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعے کو سرفراز احمد سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کپتانی کی ذمہ داریاں واپس لینے کے اعلان کے چند لمحوں بعد اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کھلاڑیوں کے ڈانس کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی جیسے کچھ دیر بعد ہٹا دیا گیا۔

تاہم کرک انفو سے وابستہ سینیئر صحافی عثمان سمیع الدین نے اس ویڈیو کو ریکارڈ کرلیا اور اسے ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’یہ ہے پی سی بی کی ٹویٹ جسے سرفراز کو برخاست کرنے کے چند لمحات بعد شیئر کیا گیا۔ کلاسی۔‘

اس ٹویٹ کے جواب میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے لکھا: ’پی سی بی اس پوسٹ کے لیے معذرت چاہتا ہے اور یہ تسلیم کرتا ہے کہ اسے شیئر کرنے کے لیے وقت کا انتخاب غلط تھا۔ اس پوسٹ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پروموشنل مہم کے ایک حصے کے طور پر پہلے سے ہی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ تاہم اس پوسٹ کی ٹائمنگ کپتان کے لیے کیے گئے اعلان سے متصادم ہوئی جس پر پی سی بی کو افسوس ہے۔‘

اس ٹویٹ پر کرکٹ اور سرفراز احمد کے مداحوں نے پی سی بی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ہما نامی ایک صارف نے لکھا: ’ کیا کوئی دو سالہ بچہ پی سی بی کا اکاؤنٹ چلا رہا ہے؟‘

جبکہ اسداللہ نامی صارف نے کہا: ’کیا پی سی بی کا میڈیا پاگل ہوگیا ہے؟ یہ کسی کو بھی عزت نہیں دیتے۔‘

ایک ٹوئٹر صارف نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ غیر پیشہ ورانہ انداز پر پورے پی سی بی کو برطرف کردینا چاہیے۔

جبکہ ایک صارف نے ایک میم شیئر کرتے ہوئے یہ پوچھا کہ کیا ’واقعی‘ آپ معذرت خواہ ہیں؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہمیشہ کی طرح خراب کارکردگی کا ملبہ ٹیم کے کپتان پر ڈالتے ہوئے جمعے کو سرفراز احمد کی جگہ اظہر علی کو ٹیسٹ جبکہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بورڈ کے اس فیصلے کی انڈپینڈنٹ اردو نے دو ہفتے پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی کہ حالیہ شکستوں نے میدان میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے سرفراز کے اعتماد اور حوصلوں کو مجروح کردیا ہے۔

جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں سرفراز احمد کو عہدے سے ہٹانے کی وجہ ان کی ناقص کارکردگی بتائی گئی۔

سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کی جانے والی دونوں فارمیٹس کی ٹیم میں بھی جگہ نہیں مل سکی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل