کرائے کے 5 قاتلوں کو ایسے قتل کے جرم میں قید، جو کبھی ہوا ہی نہیں

چین میں پیش آنے والے اس واقعے میں ہر کرائے کے قاتل نے ایک شخص کو قتل کرنے کے لیے دوسرے کرائے کے قاتل کی خدمات لیں، لیکن قتل ہوا ہی نہیں۔

اپنے حریف کے قتل کے لیے   کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرنے والے رئیل سٹیٹ ڈیویلپر کو پانچ برس جبکہ کرائے کے پانچوں قاتلوں کو  دو سے چار برس قید کی سزا سنائی گئی (تصویر: نینگ انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ)

چین میں کرائے کے پانچ قاتلوں کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ان میں سے ہر ایک نے ایک ایسے قتل کے لیے ایک دوسرے کی خدمات حاصل کی تھیں جو کبھی ہوا ہی نہیں۔

چینی علاقے وانگ شی کی عدالت کو سماعت کے دوران بتایا گیا کہ پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ تان یوہوئی نے ایک کاروباری حریف کو قتل کرنے کے لیے 20 لاکھ یوآن (دو لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ) کے عوض کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کیں۔

 اس کے بعد اس کرائے کے قاتل نے کام کا ٹھیکہ،  کرائے کے ایک اور قاتل کو دے دیا۔ کرائے کے اس دوسرے قاتل نے ذمہ داری ایک اور قاتل کے حوالے کر دی، جس نے بظاہر یہ کام ایک اور شخص کو سونپ دیا۔ اس چوتھے کرائے کے قاتل نے بھی ایک اور قاتل کی خدمات حاصل کرلیں۔

لیکن کرائے کے آخری قاتل نے قتل کرنے کی بجائے اپنے شکار سے ملاقات کی جو اپنے نام کے آخری حصے ’وی‘ سے جانے جاتے ہیں اور انہیں اپنی موت کا ڈرامہ رچانے کی پیش کش کی۔

تمام تان سمیت پانچوں کرائے کے قاتلوں کو قتل کا ارادہ کرنے کا مجرم قرار دے کر سزا سنا دی گئی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ان واقعات کا آغاز 2013 میں ہوا جب وی نے تان یوہوئی کی کمپنی کے خلاف دیوانی مقدمہ دائر کیا۔

تان کو رقم کھو دینے کا خوف ہوا اور انہوں نے وی کو قتل کرانے کے لیے 20 یوآن (دو لاکھ 20 ہزار پاؤنڈ) دے کر شی گوانگن نامی کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کرلیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بعد شی نے قتل کا ٹھیکہ کرائے کے ایک اور قاتل مو تیان شیانگ کو دے دیا اور انہیں 10 لاکھ یوآن (ایک لاکھ 10 ہزار پاؤنڈ) پیشگی دینے کی پیش کش کی جبکہ 10 لاکھ یوآن کام مکمل ہونے پر دیے جانے تھے۔

مو نے قتل کا ٹھیکہ یانگ کانگ شینگ نامی کرائے کے قاتل کو دے دیا، جنہوں نے دو لاکھ 70 ہزار یوآن (30 ہزار پاؤنڈ) کی پیشگی رقم پر اتفاق کیا جبکہ انہیں پانچ لاکھ یوآن (55 ہزار پاؤنڈ) قتل کے بعد ادا کیے جانے تھے۔

یانگ کانگ شینگ نے وی کو قتل کرنے کے لیے کرائے کے ایک اور قاتل یانگ گوانگ شینگ کو دو لاکھ یوآن (22 ہزار پاؤنڈ) دینے کی پیش کش کی جبکہ کام ہو جانے کے بعد مزید پانچ لاکھ یوآن دینا طے پایا۔

یانگ گوانگ شینگ نے کرائے کے پانچویں قاتل لنگ شیانسی سے رابطہ کیا اور انہیں وی کو قتل کرنے کے لیے ایک لاکھ یوآن (11 ہزار پاؤنڈ) دینے کی پیش کش کی۔

لیکن لنگ شیانسی نے وی سے ایک کافی شاپ میں ملاقات کی اور ان سے کہا وہ اپنی موت کا ڈرامہ رچا کر ان کی مدد کریں۔ وی اس کام کے لیے تیار ہو گئے اور ایسا ظاہر کیا جیسے ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہوں تاکہ لنگ قتل کا معاوضہ حاصل کر سکیں۔

لنگ نے وی کو اجازت دی کہ پولیس کو اپنے اوپر قاتلانہ حملے کی اطلاع دے دیں۔

تان کو پانچ برس قید کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ کرائے کے پانچوں قاتلوں کو دو سے چار برس کے درمیان قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا