نقیب اللہ محسود کی علامتی قبر بنانے پر نمائش زبردستی بند

کراچی کے تاریخی فریئر ہال میں آرٹسٹ عدیلہ سلیمان کی ماورائے عدالت قتل ہونے والے افراد کی علامتی قبروں پر مبنی نمائش کو زبردستی بند کروا دیا گیا۔

کراچی کے تاریخی فریئر ہال میں ہفتے سے جاری فن پاروں کی نمائش ’کراچی بینالے‘ میں آج (اتوار) آرٹسٹ عدیلہ سلیمان نے ’کلنگ فیلڈ آف کراچی‘ کے عنوان سے ماورائےعدالت قتل ہونے والے افراد کی علامتی قبریں اور نقیب االلہ محسود کے والد کے احساسات پر مبنی سات منٹ کی وڈیو کی نمائش کی جسے بعد ازاں زبردستی بند کروا دیا گیا۔

اسی حوالے سے سماجی کارکن جبران ناصر کی پریس کانفرنس کو بھی جبری طور پر رکوایا گیا۔

عدیلہ کی نمائش دو حصوں پر مشتمل تھی جن میں سے ایک کمرے کے اندر موجود وڈیو انسٹالیشن اور پانچ پینٹنگز کو بند کردیا گیا جبکہ کمرے کے باہر قبروں کے مجسمے ابھی تک موجود ہیں۔

مجسمہ ساز عدیلہ سلیمان نے انڈپیندنٹ اردو سے گفتگو میں کہا ’مجھے بتایا گیا کہ ان مجسموں کو آج رات ہی ہٹا دیا جائے گا، لیکن اگر یہ مجسمے کل بھی موجود ہوئے تو میں پھر جاؤں گی اور ان قبروں پر پھول لگاؤں گی۔‘

جب عدیلہ سے پوچھا گیا کہ انہوں نے نمائش کے لیے اسی موضوع کا انتخاب کیوں کیا تو انہوں نے کہا: ’میرا کام ہمیشہ سے تشدد کے خلاف رہا اور ہر بار میں ایک کہانی کی بنیاد پر اپنا کام پیش کرتی ہوں۔‘

’اس بار میں نے نقیب اللہ محسود کے قتل کے حوالے سے بات کی۔ میں اپنے آرٹ کے ذریعے احساسات سے کھیلنا چاہتی تھی اور میرا ارادہ کوئی سنسنی پھیلانا نہیں تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا آج صبح سے ہی اس نمائش کی بازگشت تھی اور لوگوں کو میرا کام پسند بھی آرہا تھا۔

’لوگ نقیب اللہ کے والد کی ویڈیو دیکھ کر میرے باقی آرٹ ورک کو سراہا رہے تھے، مگر پھر اچانک کچھ لوگ آئے اور پوچھا کہ یہ کس کا کام ہے، میں ان سے ان کا تعارف پوچھا تو انہوں نے کہا میں ایجنسی سے ہوں اور میرے باس آپ سے بات کریں گے۔ اس کے بعد میرے پاس انتظامیہ کے لوگ آئے اور کہا کہ نمائش بند کروائی جائے کیونکہ ہمارے پاس ہزاروں جگہوں سے فون آرہے ہیں۔

کراچی میں پاکستان کا دوسرا بینالے ہفتہ 26 اکتوبر سے شروع ہوا جو 12 نومبر تک جاری رہے گا۔

کراچی بینالے میں پاکستان بھر سے مقامی فنکاروں کے علاوہ برطانیہ، اٹلی، جرمنی اور بھارت سمیت 16 ممالک سے آئے ہوئے آرٹسٹ ماحولیاتی بگاڑ، حیاتیات اور دیگر موضوعات پر اپنے فن پارے پیش کر رہے ہیں۔

کراچی میں پہلا بینالے اکتوبر2017 میں منعقد ہوا تھا جس میں امریکہ اور کینیڈا سمیت دنیا بھر سے 150 سے زائد مصوروں اور فنکاروں نے اپنے فن پارے پیش کیے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان