علیم ڈار کے نام ایک اور اعزاز

پاکستان سے تعلق رکھنے والے علیم ڈار ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے سب سے زیادہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرنے والے امپائر بن گئے ہیں۔

علیم ڈار  ٹی ٹوئنٹی کے 46 بین الاقوامی مقابلوں میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)

پاکستانی امپائر علیم ڈار ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے سب سے زیادہ بین الاقوامی ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرنے والے امپائر بن گئے ہیں۔

علیم ڈار نے یہ اعزاز آسٹریلوی شہر پرتھ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 51 سالہ علیم ڈار نے اپنے 129 ویں میچ میں امپائرنگ کرکے ویسٹ انڈیز کے امپائر سٹیو بکنر کا 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

2003 میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکہ میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ علیم ڈار کا پہلا پانچ روزہ میچ تھا۔ انہوں نے اپنا بین الاقوامی کریئر 2000 میں پاکستان بمقابلہ سری لنکا ون ڈے سیریز سے شروع کیا تھا۔

علیم ڈار اب تک 207 ایک روزہ میچوں میں امپائرنگ کر چکے ہیں۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میچوں میں سب سے زیادہ 209 میچوں میں امپائرنگ کے ریکارڈ سے صرف دو میچ دور ہیں۔ ابھی یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے امپائر روڈی کوئرٹزن کے پاس ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق علیم ڈار کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس کے بارے میں، میں نے اپنا امپائرنگ کیریئر شروع کرتے ہوئے نہیں سوچا تھا۔ یہ ایک بہت شاندار احساس ہے۔ یہ میری زندگی کا بہت اہم لمحہ ہے جب میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں امپائرنگ کر رہا ہوں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’سٹیو بکنر میرے پسندیدہ امپائر تھے اور اب میں ان سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کر چکا ہوں۔ اپنے دو دہائیوں پر محیط کیریئر میں خوش قسمتی سے میں یادگار ترین میچوں اور اعزازات کو دیکھ چکا ہوں، جن میں برائن لارا کے 400 رنز ناٹ آؤٹ اور جوہانسبرگ میں 2006 میں جنوبی افریقہ کے آسٹریلیا کے خلاف 434 رنز کا کامیاب تعاقب بھی شامل ہے۔‘

آئی سی سی کے امپائرز اور ریفریز کے لیے سینیئر مینیجر آڈرین گریفتھ کہتے ہیں کہ ’علیم ڈار نے بہت امتیازی حیثیت میں یہ ذمہ داری ادا کی ہے۔ جدید ترین سکروٹنی کے اس دور میں امپائرنگ کرنا آسان نہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ اپنی لگن کے بَل بوتے پر وہ آنے والے سالوں میں امپائرنگ کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔‘

علیم ڈار ٹی ٹوئنٹی کے 46 بین الاقوامی مقابلوں میں بھی امپائرنگ کر چکے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ