بنگلہ دیش پاکستان کا دورہ کرے گا لیکن قسطوں میں

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز کے حوالے سے پائی جانے والی غیر یقینی صورت حال کا آخر کار خاتمہ ہو گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم دورہ پاکستان کے دوران دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔(فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ سیریز کے حوالے سے پائی جانے والی غیر یقینی صورت حال کا آخر کار خاتمہ ہو گیا ہے اور کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان میں سیریز کھیلنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان سیریز کھیلنے کے معاملے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ دبئی میں ہونے والے اس فیصلے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر نے اہم کردار ادا کیا۔

نظرثانی معاہدے کے مطابق بنگلہ دیش 24 سے 27 جنوری کے درمیان پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔ یہ تینوں میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

بعدازاں بنگلہ دیش کی ٹیم سات سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے سلسلے میں کھیلا جائے گا۔

22 مارچ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ختم ہونے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم ایک روزہ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ شیڈول کے مطابق تین اپریل کو کراچی میں ایک روزہ میچ اور دوسرا ٹیسٹ میچ پانچ سے نو اپریل کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے کھیل کے مفاد میں ایک بہترین کامیابی حاصل کی ہے کیونکہ پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں کرکٹ کھیلنے والے ممالک ہیں۔‘

انہوں نے معاہدے میں اہم کردار ادا کرنے پر آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کا بھی شکریہ ادا کیا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ’یہ دونوں بورڈز کی فتح ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ اس سیریز کے بارے میں پائی جانے والی غیر یقینی صورت حال ختم ہو گئی ہے اور ہم پرسکون انداز میں کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔‘

وسیم خان کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم تین بار پاکستان کا دورہ کرے گی جو انہیں اس بات کی تسلی دے گی کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ