آخر ٹوئٹر چاہتا کیا ہے بھائی؟

ٹوئٹر نے سٹوریز کا فیچر شروع کرنے کا اعلان کردیا لیکن صارفین اس سے کچھ زیادہ خوش نظر نہیں آتے۔

 صارفین  RIP twitter کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ (تصویر: ٹوئٹر)

ٹوئٹر بھی فیس بک، انسٹاگرام، سنیپ چیٹ اور وٹس ایپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سٹوریز متعارف کروانے جارہا ہے۔

ٹوئٹر نے اسے ’فلیٹس‘ (Fleet) کا نام دیا ہے، جو مرکزی ٹائم لائن سے اوپر ایک الگ ٹائم لائن میں نظر آئیں گی اور 24 گھنٹے تک موجود رہیں گی۔

فی الحال یہ سہولت برازیل کے صارفین کو دستیاب ہے۔

’دا ورج‘ کے مطابق ٹوئٹر کی ایک گروپ پروڈکٹ مینیجر  مو الہدہم نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا: ’ٹوئٹر اس لیے ہے کہ آپ ان موضوعات پر بات چیت کرسکیں، جن پر آپ بات کرنا چاہتے ہیں، لیکن کچھ لوگ ٹویٹس کے حوالے سے غیر مطمئن محسوس کرتے ہیں، کیونکہ یہ مستقل اور عوامی ہوتی ہیں، لہذا ہم آپ کے لیے یہ آسان بنانا چاہتے ہیں کہ آپ نئے طریقے سے گفتگو کرسکیں۔‘

ٹوئٹر نے تو سٹوریز کا فیچر شروع کرنے کا اعلان کردیا لیکن صارفین اس سے کچھ زیادہ خوش نظر نہیں آتے اور RIP twitter کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

زیادہ تر صارفین ٹوئٹر کے اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

گرے میٹر نامی ایک صارف نے لکھا:  ’اب ہم لنکڈاِن پر منتقل ہو رہے ہیں۔‘

ایک صارف نے لکھا: فیس بک اور انسٹاگرام پر زیادہ تر سٹوریز ٹوئٹر کی میمز پر مشتمل ہوتی ہیں۔ مجھے یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ آخر ٹوئٹر چاہتا کیا ہے کہ ہم سٹوریز میں کیا چیز شیئر کریں۔‘

ایک اور صارف نے لکھا: ’اب ہمیں ایک ہی چیز تین مرتبہ دیکھنی پڑے گی۔‘

ایک صارف نے اسے ٹوئٹر کی موت قرار دیتے ہوئے لکھا: ’میں اپنے بچوں کو بتاؤں گا کہ یہ پرندہ مر گیا ہے۔‘

نوید نامی ایک صارف نے لکھا: ’صرف یہ ایپ بدصورت لوگوں کے لیے تھی۔ اب یہ بھی لوگوں کو احساس کمتری میں مبتلا کردے گی۔ ہمیں سٹوریز نہیں چاہییں۔‘

 

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ