کرونا سے بچنے کے لیے ہاتھ دھونے کا درست طریقہ

کرونا (کورونا) وائرس سے بچنے کا سب سے عمدہ طریقہ صابن سے ہاتھ دھونا ہے، مگر اس کا صحیح طریقہ کیا اور کتنی دیر تک ہاتھ دھوئے جائیں؟

بہت سے لوگ ہاتھ دھونے کا وہ درست طریقہ نہیں جانتے جس کی مدد سے کرونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے (پکسابے)

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق کرونا (کورونا) وائرس سے بچنے کا ایک نہایت آسان اور موثر طریقہ بار بار صابن سے ہاتھ دھونا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ وائرس متاثرہ لوگوں سے آپ کے ہاتھوں کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، کیوں کہ جب آپ وائرس زدہ ہاتھ چہرے پر لگاتے ہیں تو وائرس کو ناک، منھ یا آنکھوں کے ذریعے جسم کے اندر داخل ہونے کا موقع مل جاتا ہے۔

لیکن بہت سے لوگ ہاتھ دھونے کا وہ درست طریقہ نہیں جانتے جس کی مدد سے کرونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کا صحیح طریقہ درجِ ذیل ہے:  

  1. بہتے ہوئے پانی سے ہاتھ گیلے کریں۔
  2. ہاتھوں پر اتنا صابن لگائیں کہ آپ کے گیلے ہاتھ پوری طرح صابن کی جھاگ میں چھپ جائیں۔
  3. ہاتھوں کی دونوں جانب سطح، انگلیوں کے درمیان اور ناخنوں کے اندرونی حصوں کو اچھی طرح رگڑیں۔
  4. جھاگ سے ہاتھوں کو رگڑنے کا دورانیہ کم از کم 20 سیکنڈ ہونا چاہیے۔
  5. بہتے ہوئے پانی سے اپنے ہاتھ اچھی طرح دھو لیں۔
  6. اپنے گیلے ہاتھ کسی صاف کپڑے یا ایسے تولیے سے صاف کرلیں جو صرف آپ کے استعمال میں ہو۔
  7.  دن میں کئی بار ہاتھ دھوئیں، خاص طور پر کھانے سے پہلے، ناک صاف کرنے کے بعد ، کھانسی اور چھینک کے بعد اور بیت الخلا میں جاتے ہوئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جہاں ہاتھ دھونے کی سہولت نہ ہو

اگر آپ گھر سے باہر ہیں جہاں صابن اور پانی فوری طور پر دستیاب نہیں ہیں تو ہاتھ صاف رکھنے والا ایسا محلول (سینیٹائزر) استعمال کریں جس میں کم از کم 60 فی صد الکوحل شامل ہو۔

اگر ہاتھ دھول یا مٹی سے اٹے ہوں یا واضح طور پر میلے دکھائی دیں تو پھر سینیٹائزر کا فائدہ نہیں ہو گا، ہمیشہ صاف پانی اور صابن سے اچھی طرح دھوئیں۔ اس کے بعد صاف ہاتھوں پر سینیٹائزر موثر رہے گا۔

(بشکریہ یونیسیف)

زیادہ پڑھی جانے والی صحت